کراچی: خاتون ڈاکٹر نے حادثے میں جاں بحق بیٹے کے گردے عطیہ کرکے مثال قائم کردی
کراچی کی باہمت خاتون پروفیسر ڈاکٹر مہر افروز نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان بیٹے کے دونوں گردے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کو عطیہ کر دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کی باہمت خاتون پروفیسر ماں نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کر دی، ڈاکٹر مہر افروز نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے اپنے 23 سالہ بیٹے سلطان ظفر کے دونوں گردے عطیہ ایس آئی یو ٹی کو عطیہ کیے۔
ڈاکٹر مہر افروز ایس آئی یو ٹی کی نیفرولوجی اسپیشلسٹ اور ایسوسی ایٹ پروفیسر بھی ہیں، خاتون پروفیسر نے بیٹے کی موت کے بعد اعضا عطیہ کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا، گردے دو مریضوں میں کامیابی سے ٹرانسپلانٹ بھی کر دیے گئے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق ایس آئی یو ٹی کے ماہر یورولوجسٹ اور اینستھیٹسٹ کی ٹیم نے سرجری میں حصہ لیا۔
ایس آئی یو ٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا کہ مرحوم کے خاندان کا یہ اقدام قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کو اس عمل کی پیروی کرنی چاہیے، مریضوں کے اہلِ خانہ میں کوئی ڈونر نہ ہونے پر انہیں انتظار کی فہرست میں رکھا گیا تھا، ڈاکٹر کی جانب سے گردے عطیہ کرنے کے فیصلے پر ٹرانسپلانٹ کر کے 2 افراد کی جان بچائی گئی ہے۔













لائیو ٹی وی