نشاط گروپ نے چیری انٹرنیشنل کے اشتراک سے عالمی برانڈز اوموڈا اور جیکوو کو متعارف کروادیا
پاکستان کے معروف کاروباری ادارے نشاط گروپ نے چین کے سب سے بڑے گاڑیوں کے برآمد کنندہ چیری انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ اس کے عالمی برانڈز اوموڈا اور جیکوو، کو مقامی مارکیٹ میں متعارف کرایا جا سکے، اس حوالے سے شاندار تقریبِ رونمائی جمعے کے روز منعقد ہوئی۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق نشاط گروپ نے فیصل آباد کے قریب گاڑیوں کی تیاری کی سہولت قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جہاں نومبر سے الیکٹرک گاڑیوں (ای ویز) کی مقامی اسمبلنگ شروع ہونے کی توقع ہے۔
اس مقصد کے لیے نشاط گروپ کی ذیلی کمپنی نیکسجن آٹو کے ذریعے 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی تاکہ الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری اور مارکیٹنگ کی سرگرمیوں کو سپورٹ کیا جا سکے۔
گاڑیوں کی صنعت میں ایک نمایاں پیش رفت کے طور پر تقریب میں بیک وقت 5 ماڈلز کی رونمائی کی گئی، جو عام طور پر آٹوموبائل لانچز میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔
اس فہرست میں 2 طویل فاصلے تک بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں (E5 اور J6)، دو پلگ ان ہائبرڈز (J7 اور C7)، اور ایک ہائبرڈ گاڑی (J5) شامل تھیں۔ اس موقع پر سیاسی شخصیات، ماحولیاتی ماہرین، آٹو موبائل انفلوئنسرز، اور کار کے شوقین افراد نے شرکت کی۔
نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حکومت کی الیکٹرک موبلٹی پر توجہ کو سراہا اور اسے ماحولیاتی و معاشی مسائل سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدام قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ گروپ نے چیری انٹرنیشنل کے ساتھ اس کی ماحولیاتی پائیداری سے وابستگی کے باعث شراکت داری کی ہے، 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری سے فیصل آباد کے قریب پلانٹ نومبر میں اسمبلنگ شروع کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا تعارف نہ صرف آلودگی کے خلاف مدد دے گا بلکہ ملک کے تیل کے درآمدی بل میں بھی نمایاں کمی لائے گا۔
میاں منشا نے یہ بھی بتایا کہ ان کے گروپ کی موجودہ آٹوموٹیو وینچر، ہیونڈائی، پہلے ہی 50 ہزار سے زائد یونٹس فروخت کر چکی ہے، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایم سی بی بینک (جو نشاط گروپ کا حصہ ہے) کے ذریعے الیکٹرک کارز کے لیے بینک فنانسنگ کی سہولت دینے کا اعلان بھی کیا۔
چیری انٹرنیشنل جنوبی ایشیا کے صدر چی جو نے اس شراکت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تعاون اوموڈا اور جیکوو کو پاکستان کی سرفہرست گاڑیوں کی برانڈز میں شامل کرنے میں مدد دے گا۔
کمپنی کے بیان کے مطابق، یہ لانچ نشاط گروپ کے جدت اور معیار سے وابستگی کو اجاگر کرتا ہے، مستقبل کے لیے تیار لائن اپ کی رونمائی (جو پاکستانی صارفین کی بدلتی ضروریات کے مطابق ہے) ملک کی آٹوموٹیو صنعت کے لیے نشاط گروپ کے اسٹریٹجک وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ تقریب نیکسجن آٹو کے لیے ایک سنگ میل ہے، جو پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی، پائیدار ڈیزائن، اور ذہین کارکردگی کے ذریعے نقل و حمل کی نئی تعریف متعین کرنا چاہتی ہے۔
اوموڈا اور جیکوو کے آغاز سے کمپنی کا مقصد عالمی جدت اور جدید ڈرائیونگ تجربہ پاکستانی سڑکوں پر لانا ہے، تاکہ صنعت میں ایک نیا معیار قائم کیا جا سکے۔













لائیو ٹی وی