چینی کارٹل کیس کی سماعت 70 شوگر ملز کی درخواست پر اگلے مہینے تک مؤخر
چینی کارٹل کیس کی سماعت 70 شوگر ملز کے وکلا کی درخواست پر اگلے مہینے تک مؤخر کر دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے سماعت کی نئی تاریخ 22 تا 25 ستمبر مقرر کر دی، مسابقتی کمیشن میں 70 سے زائد شوگر ملز نے سماعت مؤخر کرنے کی درخواست دی تھی، التوا کی درخواستوں میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کی تعطیلات کے باعث سماعت ملتوی کی جائے۔
50 سے زائد ملوں نے ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی اپیل دائر کر دی۔
مسابقتی کمیشن نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی غرض سے ایک بار سماعت ملتوی کی جاتی ہے، مزید تاخیر یا التوا نہیں دیا جائے گا۔
کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی، ٹربیونل نے مسابقتی کمیشن کو کیس کی دوبارہ سماعت کرنے کا حکم دیا تھا۔
تحریک تحفظِ آئین کا چیف جسٹس کو خط
دوسری جانب تحریک تحفظِ آئین پاکستان نے شوگر اسکینڈل پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ کر شوگر اسکینڈل پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں چیف جسٹس سے شوگر اسکینڈل پر تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ شوگر اسکینڈل میں عوام سے اربوں لوٹ لیے گئے، حکومت میں موجود چند خاندانوں کا بالواسطہ شوگر انڈسٹری سے تعلق ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ یہ مفادات کے ٹکراؤ اور ذاتی کاروباروں کو فائدہ دینے کی بدترین مثال ہے۔
چیف جسٹس کو خط محمود خان اچکزئی، علامہ راجا ناصر عباس، اسد قیصر اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے لکھا گیا ہے۔













لائیو ٹی وی