روس سے تیل خریدنے کا معاملہ: ٹرمپ کا بھارت پر ’ٹیرف میں نمایاں‘ اضافہ کرنے کا اعلان

شائع August 4, 2025
— فائل فوٹو: وائس آف امریکا
— فائل فوٹو: وائس آف امریکا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روسی تیل کی خریداری کے معاملے پر بھارت پر ٹیرف میں نمایاں اضافہ کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بھارت نہ صرف بڑی مقدار میں روسی تیل خرید رہا ہے، بلکہ وہ اس تیل کو اوپن مارکیٹ میں بڑے منافع کے لیے فروخت کر رہا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ یوکرین میں کتنے لوگ روسی جنگ کی وجہ سے مارے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وجہ سے میں بھارت پر ٹیرف میں خاطر خواہ اضافہ کروں گا، تاہم انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں۔

واضح رہے کہ ہفتے کے آخر میں 2 بھارتی حکومتی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ بھارت امریکی ٹرمپ کی دھمکیوں کے باوجود روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا، تاہم ذرائع نے معاملے کی حساسیت کی وجہ سے شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔

اس سے قبل 30 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا، جبکہ روس سے مسلسل فوجی ساز و سامان اور تیل کی خریداری پر بھارت پر جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا تھا۔

امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر اپنے اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں بھارت پر یکم اگست سے 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔

اپنی پوسٹ میں امریکی صدر نے مزید کہا تھا کہ اگرچہ بھارت ہمارا دوست ہے، لیکن ہم نے برسوں میں اس کے ساتھ بہت کم تجارتی لین دین کیا، کیونکہ اس کے ٹیرف (محصولات) بہت زیادہ ، سب سے زیادہ ہیں۔

امریکی صدر نے کہا تھا کہ بھارت ہمیشہ سے اپنے فوجی ساز و سامان کی بڑی مقدار روس سے خریدتا آیا ہے اور توانائی کے معاملے میں بھی روس کا سب سے بڑا خریدار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025