بھارت کے مقبول ڈرامے ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کا دوسرا سیزن ریلیز
بھارتی ٹی وی کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار کیے جانے والے ڈرامے ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کا دوسرا سیزن ریلیز کردیا گیا، ڈرامے کا آغاز جولائی کے اختتامی ہفتے سے ہوا۔
شوبز ویب سائٹ ’بولی وڈ لائف‘ کے مطابق ڈرامے کی چھٹی قسط 3 اگست کو نشر کی گئی، ڈرامے کی ابتدائی تمام اقساط کو خوب پسند کیا گیا۔
ڈرامے کے ذریعے سیاست میں جانے والی سابق اداکارہ سمرتی ایرانی نے بھی ٹی وی اسکرین پر واپسی کی ہے جب کہ ڈرامے میں ان کے شوہر کا کردار بھی پہلے سیزن کے اداکار امر اپادھیو نے ادا کیا ہے۔
دوسرے سیزن کے ڈرامے میں کرداروں کو 30 سال پرانے کپڑے پہننے کی باتیں کرتے بھی دکھایا گیا ہے، جس سے شائقین کو ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کے پہلے سیزن سے جڑنے کا موقع ملتا ہے۔
’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ نامی ڈرامے کو پہلی بار سال 2000 سے 2008 تک بھارتی ٹیلی وژن پر نشر کیا گیا تھا۔
ڈرامے کا شمار بھارتی ٹیلی وژن کے مقبول ترین ڈراموں میں ہوتا ہے اور اس کا پہلا سیزن مسلسل 8 سال تک چلتا رہا۔
مذکورہ ڈرامے سے کئی اداکاروں کو شہرت ملی، جن میں سے سمرتی ایرانی بھی ایک ہیں، جنہوں نے بعد ازاں سیاست میں قدم رکھا تھا لیکن اب وہ دوبارہ ٹی وی اسکرین پر واپس ہوئی ہیں۔
اس بار بھی ڈرامے کو ایکتا کپور نے ہی پروڈیوس کیا ہے، اسے اسٹار پلس پر نشر کرنے کے علاوہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم ’ہوٹ اسٹار‘ پر بھی دکھایا جا رہا ہے۔
دوسرے سیزن میں بھی پہلے سیزن کے تقریبا تمام کرداروں کو واپس دکھایا گیا ہے، تاہم ڈرامے میں نئے کردار بھی شامل کیے گئے ہیں۔












لائیو ٹی وی