قصور: لاہور میں شوہر کے سامنے بیوی کے گینگ ریپ کا آخری ملزم بھی مبینہ مقابلے میں ہلاک
لاہور میں شوہر کے سامنے بیوی کے گینگ ریپ کا آخری ملزم بھی قصور میں مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ قصور میں فائرنگ کے تبادلے میں مارے جانے والے ملزم عمران نے لاہور کے علاقے چوہنگ میں شوہر کے سامنے بیوی کے گینگ ریپ کی مکمل منصوبہ بندی کی تھی۔
سی سی ڈی کے چھاپے کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی تاہم انسپکٹر شاہد جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے، ملزمان کی فائرنگ سے بلٹ پروف جیکٹس اور موبائل کو نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل لاہور کے علاقے چوہنگ میں خاوند کے سامنے بیوی کے گینگ ریپ کا واقعہ پیش آیا تھا، واقعے میں 4 ملزمان اویس، زاہد، ارشاد اور عمران کو نامزد کیا گیا تھا، مقدمے میں نامزد 3 ملزمان اویس، زاہد اور ارشاد پہلے ہی مقابلے میں مارے جاچکے ہیں۔
اب مرکزی ملزم عمران کی مبینہ مقابلے میں ہلاکت کے بعد گینگ ریپ کے تمام ملزمان ہلاک ہوچکے ہیں۔
یکم اگست کو سی سی ڈی کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ اور بعد ازاں پولیس کی جوابی فائرنگ سے لاہور کے علاقے چوہنگ میں گینگ ریپ کے 2 ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت اویس اور ارشاد کے ناموں سے ہوئی۔
حکام کے مطابق ہلاک ملزمان نے خاتون پر بدترین جنسی تشدد بھی کیا تھا اور وقوعہ کی ویڈیو بھی بنائی تھی، ملزمان کے مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔











لائیو ٹی وی