مظفرگڑھ: گونگی، بہری اور ذہنی معذور لڑکی کے مبینہ ریپ کے الزام میں دو ملزمان گرفتار

شائع August 7, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں بہری، گونگی اور ذہنی طور پر معذور لڑکی کے ریپ کے الزام میں پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

مظفرگڑھ پولیس کے ترجمان وسیم خان گوپانگ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ یہ واقعہ 4 اگست کو روہیلانوالی کے علاقے میں پیش آیا تھا، دو ملزمان کو واقعے کے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 17 سالہ لڑکی کھیتوں میں تھی جب ایک ملزم نے مبینہ طور پر اسے پکڑا اور اس کی عصمت دری کی، انہوں نے مزید کہا کہ’ جب لڑکی کی آواز سن کر مقامی لوگ موقع پر پہنچے تو ملزم اس وقت فرار ہو گیا تھا۔’

6 اگست کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر)، جو ڈان نیوز نے دیکھی، میں متاثرہ لڑکی کے بھائی نے بتایا کہ اس کی بہن پیدائشی بہری، گونگی اور ذہنی طور پر معذور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ وہ 4 اگست کو شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے رفع حاجت کے لیے گھر سے کھیتوں کی طرف گئی تھی۔’

مدعی نے مزید بتایا کہ ملزم، جو کھیت کے قریب کھڑا تھا، ’ اس نے میری بہن کو زبردستی پکڑا اور ایک درخت کے نیچے لے جاکر اس کی عصمت دری کی۔’

ایف آئی آر میں دو راہ گیروں کا نام بھی شامل ہے جنہوں نے متاثرہ لڑکی کی آواز سنی اور ملزم کو اس کی عصمت دری کرتے ہوئے پکڑا، ’ ان آدمیوں کو دیکھ کر ملزم بھاگ گیا اور اس کے بعد گواہوں نے اس کا کافی دیر تک پیچھا کیا، لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔’

مدعی نے بتایا کہ وہ اپنے والد اور گواہ کے ساتھ ملزم کے والد کے پاس گیا جو کہ اس کیس میں بھی شریک ملزم کے طور پر نامزد ہے۔

اس نے کہا کہ’ ملزم کے والد نے ایک پرانی لڑائی اور زمین کے تنازع کی وجہ سے مجھے گالیاں اور دھمکیاں دینا شروع کر دیں،’ مدعی نے مزید کہا کہ’ میرا ماننا ہے کہ ملزم نے اپنے والد کی ہدایات پر لڑکی کے ساتھ زیادتی کی۔’

روہیلانوالی تھانے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 109 (مدد کا جرم) اور 376 (iii) (بچے سے زیادتی کی سزا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

عصمت دری کے خلاف سخت قوانین ، جس میں سزائے موت یا 10 سے 25 سال قید کی سزا ہے، کے باوجود ملک میں ایسے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ مئی میں مظفرگڑھ میں ایک مدرسے کے استاد کو ایک 11 سالہ طالب علم کے ساتھ مدرسے میں مبینہ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اپریل میں، مظفرگڑھ میں 17 سالہ لڑکی نے مبینہ زیادتی اور حاملہ ہونے کے بعد خودکشی کرلی تھی۔

اسی مہینے، پولیس نے مظفرگڑھ میں ایک بچے کے گینگ ریپ میں ملوث ہونے کے الزام میں پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025