ہنزہ میں گلیشیائی جھیل پھٹنے سے تباہ کن سیلاب، درجنوں گھر خطرے میں
ہنزہ میں شسپر گلیشیئر کی جھیل پھٹنے سے آنے والے تباہ کن سیلاب نے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا اور درجنوں گھروں کو سنگین خطرے سے دوچار کر دیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق شسپر گلیشیئر سے آنے والے گلیشیائی جھیل کے اخراج کے باعث (جی ایل او ایف) ہنزہ کے حسن آباد نالے میں شدید طغیانی آگئی، جس سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقے میں درجنوں پہاڑوں کے دامن میں واقع گھروں کو خطرہ لاحق ہوگیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ شدید سیلاب نے قراقرم ہائی وے (کے کے ایچ) کی حفاظتی دیواروں کو نقصان پہنچایا اور زرعی زمین کو بھی تباہ کیا، نالے سے ہونے والے زمین کٹاؤ کے باعث مستقبل میں اس قسم کے واقعات میں درجنوں گھروں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (جی بی ڈی ایم اے) کے مطابق سیلاب نے حال ہی میں تعمیر کی گئی حفاظتی دیوار اور قراقرم ہائی وے کے ایک حصے کو نقصان پہنچایا، اگرچہ ہائی وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہے، تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ حصے کو بند کر دیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے بتایا کہ قابلِ کاشت زمین کے ایک بڑے حصے کے ساتھ کھڑی فصلیں اور درخت بہہ گئے، جب کہ حسن آباد کی بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، اسی طرح محکمہ جنگلات کی ملکیتی جائیداد اور پل سے متصل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی زمین کا ایک حصہ بھی متاثر ہوا۔
مقامی افراد کے مطابق نیچے کی جانب واقع چار گھروں کو بروقت گرا دیا گیا تاکہ انہیں سیلاب سے بچایا جا سکے، گزشتہ ماہ بھی اسی نوعیت کے گلیشیائی جھیل کے اخراج سے چار گھر، زرعی زمین، درخت اور سرکاری و نجی جائیداد کو نقصان پہنچا تھا۔
اتھارٹی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سے درخواست کی کہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر متاثرہ حصے کا جائزہ لے اور سڑک کے دیگر کمزور مقامات کی بھی جانچ کرے۔
کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان، جی بی ڈی ایم اے کا عملہ اور دیگر رضاکار موقع پر صورتحال کی نگرانی اور مقامی آبادی کی تیاری و ردعمل میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب گلگت سے شندور جانے والی سڑک فندر وادی کے خوٹوم گاؤں میں ساتویں روز بھی بند رہی، جس کے باعث علاقے میں ہزاروں افراد پھنس کر رہ گئے۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ
ادھر پاکستان محکمہ موسمیات نے جمعرات کی دوپہر آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی۔












لائیو ٹی وی