گھوٹکی: تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 2 بچیاں جاں بحق، 25 افراد زخمی
ضلع گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلو میں ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے دو بچیاں جاں بحق اور ایک ہی خاندان کے 25 افراد زخمی ہوگئے۔
ضلع گھوٹکی کے علاقے میرپور ماتھیلوں میں جمعرات کی شام ماسو واہ کے قریب یہ حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی سڑک کی خراب حالت کے باعث الٹ گئی، جس کے نتیجے میں دو بچیاں جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق 7 سالہ ثانیہ سولنگی اور 8 سالہ رُخسانہ سولنگی موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ 25 افراد، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے، زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والی بچیوں اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
زخمیوں میں صالح محمد سولنگی، محمد افضل، تہمینہ سولنگی، سانول سولنگی، محمد شریف، فہمیدہ سولنگی، منیراں، امیراں، فرزانہ، کامران، عرفان اور فرحان سمیت دیگر 14 افراد شامل ہیں۔
موٹروے پولیس اور مقامی رضاکاروں نے الٹی ہوئی ٹرالی کو سیدھا کیا اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو سول ہسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کیا۔
میڈیکو-لیگل کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں اور زخمیوں کو ایمرجنسی طبی امداد فراہم کی گئی۔
ادھر مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد سولنگی برادری سے تعلق رکھنے والے مزدور تھے، جو اوباڑو، مچکو اور رونتی کے رہائشی ہیں۔
یہ لوگ خیرپور ضلع کے تھری علاقے میں تقریباً دو ماہ تک کھجور کے باغات میں کام کرنے کے بعد اپنے گاؤں واپس جا رہے تھے۔












لائیو ٹی وی