• KHI: Partly Cloudy 19.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.6°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C

کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق، عوام کے تشدد سے ڈاکو ہلاک، ساتھی زخمی

شائع August 12, 2025
مدثر نامی ڈاکو بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، تینوں ڈاکو کورنگی نورانی بستی بنگالی پاڑے کے رہائشی ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز
مدثر نامی ڈاکو بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، تینوں ڈاکو کورنگی نورانی بستی بنگالی پاڑے کے رہائشی ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 شہری جاں بحق ہوگئے، عوام کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی اور تیسرا ڈاکو فرار ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی ڈیڑھ نمبر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 3 ڈاکوؤں نے شہری کی جان لے لی، شہریوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، تشدد سے ایک ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا، دوسرا ملزم زخمی جب کہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے بتایا کہ 3 ڈاکو کورنگی ڈیڑھ نمبر پر شہری غلام محمد انور سے لوٹ مار کر رہے تھے، اس دوران غلام محمد نے مزاحمت کی جس پر طیش میں آکر ایک ڈاکو نے فائرنگ کر دی، جس سے شہری موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان شہری کو گولی مار کر فرار ہونے لگے تو جائے وقوع کے قریب موجود شہریوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ لیا، عوام کے تشدد سے کاشف نامی ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی اور تیسرا فرار ہوگیا، عوام نے بدترین تشدد کے بعد سمیر نامی ڈاکو کو پولیس کے حوالے کردیا۔

ڈاکوؤں کے فرار ہونے والے تیسرے ساتھی کی شناخت مدثر کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ڈاکو سمیر نے پولیس کو بتایا کہ تینوں ساتھی شہری کو لوٹ رہے تھے۔

گرفتار ملزم نے بتایا کہ کاشف نے شہری کو پیٹ میں گولی ماری تھی، فرار ہوتے ہوئے عوام نے پکڑ لیا، تاہم مدثر جان بچاکر بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، تینوں ڈاکو کورنگی نورانی بستی بنگالی پاڑے کے رہائشی ہیں۔

دوسری جانب نیو کراچی میں ڈاکو اور شہری میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ڈاکو کی فائرنگ سے ہوٹل پر بیٹھا ایک شہری جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025