• KHI: Partly Cloudy 21.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.6°C

صائم صادق کی ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کی 17 اگست کو لاہور میں خصوصی نمائش ہوگی

شائع August 12, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

صائم صادق کی ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کی لاہور میں 17 اگست کو خصوصی مقام پر نمائش ہوگی۔

فلم ’جوائے لینڈ‘ کو پنجاب میں سینما گھروں میں نمائش سے روکے جانے کے تقریباً دو سال بعد بالآخر لاہور میں نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، فلم کی اسکریننگ تھیٹر کے بجائے متبادل مقام پر ہوگی۔

یہ اعلان نورالعین چوہدری نے کیا، جو اپنے انسٹاگرام بایو کے مطابق لاہور اور کراچی میں مکسٹیپ ایونٹس کی میزبانی کرتی ہیں۔

انہوں نے لاہور کے ایونٹ اسپیس اولوموپولو میڈیا اور ٹکٹنگ پلیٹ فارم ٹکٹ والا کے تعاون سے بتایا کہ ’جوائے لینڈ‘ کی اسکریننگ 17 اگست کو ہوگی۔

نورالعین چوہدری نے لکھا کہ ہمارے ساتھ شامل ہوں لاہور میں ’جوائے لینڈ‘ کی پہلی اسکریننگ کے لیے، جو 17 اگست کو ہوگی، یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جس کا کانز میں پریمیئر ہوا، جیوری پرائز جیتا اور پاکستان کی آفیشل آسکر انٹری بھی حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ فلم کی اسکریننگ کے بعد ہم فلم کے ہدایتکار اور لکھاری صائم صادق کا بھی خیرمقدم کریں گے، جو سوال و جواب کے سیشن میں شریک ہوں گے۔

صائم صادق نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر مذکورہ پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آخرکار لاہور میں پہلی بار فلم کی اسکریننگ ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں وفاقی حکومت نے ’جوائے لینڈ‘ پر پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا، جو اسی سال مئی میں کانز میں پریمیئر ہو چکی تھی اور وہاں جیوری پرائز بھی حاصل کرچکی ہے، لیکن چند گھنٹوں بعد پنجاب حکومت نے فلم کے پروڈیوسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پنجاب میں نمائش سے روک دیا۔

پنجاب اطلاعات و ثقافت ڈپارٹمنٹ نے مسلسل شکایات کے حوالے سے موشن پکچرز آرڈیننس 1979 کی دفعہ 9(1) اور (2)(اے)،(بی) کا حوالہ دیتے ہوئے پروڈیوسر سرمد سلطان کھوسٹ کو نوٹس بھیجا کہ پنجاب میں مزید اطلاع تک ’جوائے لینڈ‘ کی نمائش ممنوع ہے۔

صوبائی پابندی اب بھی برقرار ہے، جس کی وجہ سے فلم کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا۔

لاہور کے ناظرین کے لیے اولوموپولو میڈیا کا یہ ایونٹ ایک نایاب موقع ہے کہ وہ ’جوائے لینڈ‘ کو بڑے پردے پر دیکھ سکیں اور فلم ساز سے براہِ راست بات چیت بھی کر سکیں جن کے کام نے تعریف اور بحث دونوں کو جنم دیا ہے۔

’جوائے لینڈ‘ کی کہانی میں پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار اس فلم میں ایک ٹرانس ویمن نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

اس فلم میں لاہور کے محنت کش طبقے کے ایک شادی شدہ مرد اور ایک خواجہ سرا (ٹرانس جینڈر) کے درمیان بڑھتے ہوئے رشتے کو دکھایا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025