اٹلی کے قریب تارکینِ وطن کی کشتی حادثے کا شکار، 20 ہلاک، متعدد لاپتا
اٹلی کے جزیرے لامپیدوسا کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں تقریبا 100 افراد سوار تھے، حادثے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر ) اور مقامی میڈیا نے کشتی الٹنے کے افسوس ناک حادثے میں 20 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جبکہ 70 سے 80 افراد کو بروقت زندہ بچا لیا گیا۔
ترجمان یو این ایچ سی آر فلیپو اونگارو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشتی الٹنے کے باعث کچھ تارکینِ وطن سمندر میں لاپتا ہو سکتے ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والے افراد کو لامپیدوسا کے ایک مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے دوران خوش قسمتی سے بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ لیبیا سے روانگی کے وقت کشتی پر 92 سے 97 تارکینِ وطن سوار تھے۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق رواں برس اب تک خطرناک وسطی بحیرہ روم کے راستے سے گزرنےکی کوششوں کے دوران 675 سے زائد تارکینِ وطن اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔












لائیو ٹی وی