اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ پر قبضے کیلئے حملے کے منصوبےکی منظوری دے دی
اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زمیر نے غزہ پر نئے حملے کے منصوبے کے ’بنیادی تصور‘ کی منظوری دے دی۔
برطانوی روزنامہ دی گارجیئن نے رائٹرز کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ چیف آف اسٹاف ایال زمیر نے غزہ پٹی میں حملے کے منصوبے کے ’ بنیادی تصور’ کی منظوری دے دی ہے۔
دی گارجیئن کے مطابق اس منصوبے کی مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔
رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ ایک نیا حملہ شروع کرے گا اور غزہ شہر کا کنٹرول سنبھالے گا، جس پر اس نے اکتوبر 2023 میں جنگ شروع ہونے کے فوراً بعد قبضہ کر لیا تھا، پھر وہاں سے نکل گیا تھا۔
یورونیوز کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اسرائیل کی فوج نے غزہ کی پٹی میں ایک وسیع آپریشن کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ’ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے آپریشنل منصوبے کا مرکزی ’ فریم ورک ’ چیف آف جنرل اسٹاف ایال زمیر نے منظور کر لیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ’ سیاسی قیادت کی ہدایت کے مطابق، غزہ کی پٹی میں اگلے مراحل کے منصوبے کا مرکزی تصور پیش کیا گیا اور اس کی منظوری دی گئی۔’
منظور شدہ منصوبے یا ٹائم لائن کے بارے میں مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اتوار کے روز بنیامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ نیا غزہ آپریشن ’ نسبتاً جلد’ مکمل ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل کی سیکیورٹی کابینہ نے غزہ شہر پر قبضہ کرنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی، اس منصوبے کو بین الاقوامی سطح پر اور اسرائیل کی اپوزیشن کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
اپوزیشن لیڈر یائیر لاپڈ نے اسرائیلی فوج کو غزہ شہر بھیجنے کے فیصلے کو ایک تباہی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فوجی اور سیکیورٹی حکام کے مشورے کے خلاف ہے۔
دوسری جانب الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے کی مخالفت کی تھی۔
اسرائیلی نشریاتی اداروں کے مطابق اعلیٰ فوجی کمانڈر نے اس اقدام کی مخالفت اس بنیاد پر کی تھی کہ اس سے باقی ماندہ مغویوں کی جان خطرے میں پڑ جائے گی، جن میں سے تقریباً 20 کے زندہ ہونے کا یقین ہے، اور یہ اقدام اسرائیلی فوجیوں کو تھکا دے گا جبکہ اسرائیل کی بین الاقوامی ساکھ کو بھی نقصان پہنچے گا۔
تاہم اب اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ پر نئے حملے کے منصوبے کی بنیادی تصور کی منظوری دے دی ہے۔












لائیو ٹی وی