• KHI: Sunny 19.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.9°C
  • KHI: Sunny 19.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.8°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.9°C

ڈراما ’پرورش‘ میں باس المعروف عامر نقوی کی موت کے ذریعے کیا پیغام دیا گیا؟ ہدایتکار نے بتادیا

شائع August 14, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

مقبول ڈراما ’پرورش‘ میں باس المعروف عامر نقوی کے کردار کی موت نے ناظرین کو اداس کر دیا، جس پر ہدایتکار میثم نقوی نے اس منظر کے پیچھے موجود پیغام واضح کر دیا۔

اے آر وائی ڈیجیٹل پر حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والا ڈراما سیریل ’پرورش‘ ناظرین کی ایک بڑی تعداد کو بے حد پسند آیا۔

پرورش کی کہانی نوجوان نسل اور والدین کی پرورش کے گرد گھومتی تھی جس میں نعمان اعجاز، سویرا ندیم، عینا آصف، ثمر جعفری اور دیگر نے مرکزی کردار ادا کیے۔

ڈرامے کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ اس میں ہر کردار کی اپنی انفرادیت اور کہانی تھی، جو ڈرامے کی مقبولیت کی وجہ بنی۔

حال ہی میں میثم نقوی نے ’نکتہ‘ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے ڈرامے میں اپنے کردار اور مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔

ڈرامے میں کم عمر نوجوانوں کے درمیان رومانس دکھانے پر انہوں نے کہا کہ ’پرورش‘ میں رومانس کی ترویج نہیں کی گئی بلکہ یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ اس عمر میں بھی نوجوانوں کو پیار ہوتا ہے اور یہ ایک حقیقت ہے جس میں جھوٹ کی آمیزش نہیں کی گئی۔

ہدایتکار نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ناقدین نے مکمل ڈراما نہیں دیکھا، انہوں نے صرف چند وائرل کلپس یا ویڈیوز دیکھ کر ہی یہ سمجھ لیا کہ اس میں یہ سب دکھایا گیا ہوگا، حالانکہ ڈرامے میں ایک بہت اہم پیغام دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس ڈرامے کے ذریعے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ والدین بچوں کے دوست بن جائیں تاکہ انہیں اپنے بچوں کی ہر سرگرمی کے بارے میں علم ہو اور جب بھی بچے کچھ غلط یا درست کریں تو والدین کو معلوم ہو کہ ان کا بچہ کیا کر رہا ہے۔

جہاں ڈرامے کا ہر کردار اپنی جگہ ایک مثال تھا، وہیں ڈرامے کی آخری چند اقساط میں باس المعروف عامر نقوی، جس کا کردار ڈرامے کے ہدایتکار میثم نقوی نے خود ادا کیا، وہ بھی بہت مقبول ہوا۔

’پرورش‘ میں باس کے کردار کی موت ہوجاتی ہے جس نے ناظرین کو اداس کردیا، اس بارے میں انہوں نے کہا کہ ڈرامے میں باس کو اکثر سگریٹ پیتے ہوئے دکھایا گیا اور آخر میں بھی اس کی ایش ٹرے میں سگریٹ کے ٹکڑے موجود تھے، اس کے انتقال کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ مسلسل سگریٹ نوشی صحت کے لیے مضر ہے۔

تاہم وہ اس بات سے مطمئن ہیں کہ ’پرورش‘ میں باس کے کردار کو لوگوں نے پسند کیا اور اسے بہت محبت ملی، جس پر وہ حیران بھی ہیں۔

ان کے مطابق ہمارے یہاں ڈراموں میں ایسے کردار ذہنوں پر زیادہ گہرے نقش چھوڑ جاتے ہیں جن کی المناک موت ہوجاتی ہے اور ایسا ہی کچھ باس کے کردار کے ساتھ بھی ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025