ڈان نیوز کراچی کے رپورٹر خاور حسین کی لاش سانگھڑ میں گاڑی سے برآمد
ڈان نیوز کراچی کے رپورٹر خاور حسین پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئے، ان کی لاش سانگھڑ میں ان کی گاڑی سے ملی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق خاور حسین کی لاش حیدرآباد روڈ پر نجی ہوٹل کے باہر کھڑی ان کی گاڑی سے ملی، پولیس نے خاور حسین کی لاش ہسپتال منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی۔
پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لینا شروع کردیا
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر صحافی خاور حسین کی سانگھڑ میں غیرطبعی موت کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی، وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو بہترین افسر کو تفتیش سونپنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تحقیقات کرکے موت کی اصل وجہ کا پتا لگایا جائے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سینئر صحافی و اینکر پرسن خاور حسین کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ خاور حسین کا قتل صحافت اور معاشرے کے لیے بڑا سانحہ ہے، قتل کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دریں اثنا، وزیر داخلہ قانون و پارلیمانی امور سندھ ضیا الحسن لنجار نے سینئر صحافی خاور حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے، انہوں نے خاور حسین کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ ایس ایس پی ضلع سانگھڑ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کریں، واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ڈان نیوز کے رپورٹر خاور حسین کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خاور حسین نہ صرف ایک پروفیشنل صحافی تھے بلکہ میرے قریبی رفقا میں سے بھی تھے، ان کا اچانک انتقال ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
ڈان نیوز کے رپورٹر خاور حسین کے انتقال پر اپوزیشن لیڈر سندھ علی خورشیدی نے اظہار افسوس کیا۔
اپوزیشن لیڈر سندھ کا بیان میں کہنا تھا کہ مرحوم کی صحافت میں خدمات ناقابل فراموش ہیں، اللہ پاک مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات عطاء فرمائے۔
علی خورشیدی نے کہا کہ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، حکومت سندھ واقعے کی شفاف انکوائری کرے۔
کراچی پریس کلب اور صحافتی تنظیموں کا تحقیقات کا مطالبہ
کراچی پریس کلب نے اپنے رکن اور ڈان نیوز کے رپورٹرخاور حسین کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر فاضل جمیل، سیکریٹری سہیل افضل خان اور مجلسِ عاملہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خاور حسین کی لاش سانگھڑ سے ان کی گاڑی سے برآمد ہونا انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، جس نے پوری صحافتی برادری کو صدمے اور غم میں مبتلا کر دیا ہے، خاور حسین ایک سنجیدہ اور باوقار انسان تھے، ان کی المناک موت نے صحافی برادری کو سوگوار کر دیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے موت کی اصل وجوہات اور پسِ پردہ محرکات کو سامنے لائے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے بھی ڈان نیوز کے رپورٹر اور اپنے ممبر خاور حسین کی پراسرار موت پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ اور وزیر داخلہ سندھ سے خاور حسین کی موت کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی بنانے اور واقعے کی شفاف تفتیش کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
کے یو جے (دستور) کے صدر نصراللہ چوہدری اور سیکریٹری ریحان خان چشتی نے مرحوم کے اہلخانہ سے رابطہ کرکے انہیں ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کرائی
کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔












لائیو ٹی وی