گاڑی سے ملنے والا پستول صحافی خاور حسین کا تھا، ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد

شائع August 17, 2025
فیصل بشیر نے بتایا کہ مئی میں خاور نے والدین کو امریکا شفٹ کردیا تھا، خاور سانگھڑ مجلس کیلئے آیا تھا۔
—فائل فوٹو: فیس بک
فیصل بشیر نے بتایا کہ مئی میں خاور نے والدین کو امریکا شفٹ کردیا تھا، خاور سانگھڑ مجلس کیلئے آیا تھا۔ —فائل فوٹو: فیس بک

ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاور حسین کی لاش ملنے کے معاملے پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شہید بینظیر آباد فیصل بشیر میمن کا بیان سامنے آگیا، گاڑی سے ملنے والا پستول ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاور حسین کا ہی تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے کہا کہ خاور نے حفاظتی نکتہ نظر سے پستول رکھا ہوا تھا، خاور حسین گاڑی پارک کرکے 2 بار واش روم گئے، سی سی ٹی وی کے مطابق خاور تنہا تھے، خاور نے ہوٹل کے منیجر سے جاکر واش روم کا پوچھا، پھر واپس گاڑی میں آکر بیٹھ گئے، خاور دوبارہ گاڑی سے اترے اور پھر چوکیدار سے واش روم کا پوچھا، خاور پھر واش کے پاس گئے اور واپس آکر دوبارہ گاڑی میں بیٹھ گئے۔

انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی میں خاور تنہا دکھائی دے رہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمرا ڈرائیورنگ سیٹ کے دوسری جانب لگا تھا، سی سی ٹی وی میں کوئی نظر نہیں آیا، ہوٹل منیجر نے چوکیدار کو کہا جاکر ان سے پوچھو کچھ آڈر کریں گے یا نہیں، کافی دیر ہوگئی ہے۔

ڈی آئی جی فیصل بشیر میمن نے بتایا کہ چوکیدار جب گاڑی کے پاس گیا تو اندر خاور کی گولی لگی لاش پڑی تھی، ہم ابھی کسی نتیجے پر نہیں پہنچے، تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ مئی میں خاور نے والدین کو امریکا شفٹ کردیا تھا، خاور سانگھڑ مجلس میں شرکت کرنے گئے، ان کے بہنوئی کے گھر مجلس تھی، تاہم خاور مجلس میں نہیں پہنچ سکے۔

خاور حسین کا جسد خاکی ہلال احمر کے سرد خانے منتقل

سانگھڑ میں غیر طبعی موت کا شکار ہونے والے ڈان نیوز کراچی کے سینئر رپورٹر خاور حسین کا جسدخاکی سول ہسپتال حیدرآباد کے سرد خانے سے ہلال احمر کے سرد خانے منتقل کردیا گیا۔ سول ہسپتال کے سرد خانے میں بجلی اور جگہ نہ ہونےکے باعث میت منتقل کی گئی ہے۔

سانگھڑ پولیس نے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد خاور حسین کی لاش سول ہسپتال سرد خانے منتقل کی تھی، خاور حسین کے والدین اور اہل خانہ کی امریکا سے واپسی پر تدفین کا اعلان کیا جائے گا۔

معلوم نہیں رات کو خاور کیوں سانگھڑ آئے؟ بہنوئی

سانگھڑ میں جاں بحق ہونے والے ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاور حسین کے بہنوئی زبیر علی کا کہنا ہے کہ رات کو ایک دوست کی کال آئی تھی کہ سانگھڑ میں ہوٹل کی پارکنگ میں کالے رنگ کی گاڑی ہے اس میں لاش موجود ہے، لگتا ہے یہ خاور حسین ہیں۔

زبیر علی کے مطابق خاور حسین جب بھی کراچی سے سانگھڑ آتے تھے تو ہمیں بتاتے تھے، معلوم نہیں خاور رات کو کیسے سانگھڑ آئے، یا کس نے انہیں بلایا تھا؟۔

سانگھڑ پریس کلب کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

سانگھڑ میں ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر خاورحسین کے انتقال پر پریس کلب میں 3روزہ سوگ کا اعلان کرکے سیاہ پرچم لہرا دیا گیا۔

سوگ کا اعلان پریس کلب کے صدر و ممبران کی جانب سے کیا گیا، خاور حسین کے آبائی محلے میں بھی سوگ کی فضا برقرار ہے، ان کے محلے دار اور دوست احباب خاور حسین کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025