حمیرا اصغر کو انڈسٹری کے لوگ کم قبول کرتے تھے، عادی عدیل
معروف کامیڈین، ٹی وی میزبان اور اداکار عادی عدیل امجد نے انکشاف کیا ہے کہ مرحومہ حمیرا اصغر کو انڈسٹری کے لیے زیادہ تر لوگ کم قبول کرتے تھے۔
عادی عدیل انجم نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے فیصل قریشی کی مہربانیوں کا اعتراف کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ ان کی وجہ سے ہی اداکار ہیں۔
ان کے مطابق انہیں ٹی وی پر فیصل قریشی کی وجہ سے کام کرنے کا موقع ملا، اگر وہ نہ ہوتے تو وہ کبھی بھی شوبز کا حصہ نہیں بن سکتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں سچی دوستیاں نہیں ہوتیں، وہاں سب لوگ مطلب کے ہوتے ہیں۔
عادی عدیل امجد نے کہا کہ انسٹاگرام پر 80 لاکھ فالوورز رکھنے والا کوئی بھی اداکار خود سے کم فالوور رکھنے والے شخص سے دوستی نہیں کرے گا، شوبز میں کوئی کسی کا نہیں ہوتا۔
پروگرام کے دوران انہوں نے ریئلٹی شو ’تماشا گھر‘ کے معاملے پر بھی بات کی اور بتایا کہ مذکورہ شو کو شروع ہی اس لیے کیا گیا تاکہ جو لوگ گالیاں دینے کے عادی ہیں، وہ وہاں گالیاں بھی دے سکیں۔
ان کے مطابق تماشا گھر میں لڑائی جھگڑے اور بدتمیزیاں معمول کی باتیں ہیں، ان ہی باتوں کی وجہ سے ہی مذکورہ شو مقبول بھی ہیں۔
مذکورہ پروگرام میں مرحومہ اداکارہ حمیرا اصغر کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے سوال پر انہوں نے اداکارہ سے متعلق حیران کن انکشافات بھی کیے۔
کامیڈین نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ حمیرا اصغر کو اپنے لیے لڑتے دیکھا، انہیں شو میں زیادہ پسند اور قبول نہیں کیا جاتا تھا۔
عادی عدیل امجد کے مطابق جس طرح کلاس کا کوئی بچہ اپنے حق کے لیے سب سے لڑ رہا ہوتا ہے، اسی طرح انہوں نے حمیرا اصغر کو بھی لڑتے دیکھا۔
اسی دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے نوٹ کیا کہ شوبز انڈسٹری کے زیادہ تر افراد حمیرا اصغر کو قبول نہیں کرتے تھے۔
اگرچہ انہوں نے انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری کے زیادہ تر لوگ اداکارہ کو پسند نہیں کرتے تھے، تاہم انہوں نے کسی بھی اداکار کا نام نہیں لیا جو حمیرا اصغر کو قبول یا پسند نہ کرتا ہو۔











لائیو ٹی وی