• KHI: Clear 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Cloudy 12.6°C
  • KHI: Clear 22°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.8°C
  • ISB: Cloudy 12.6°C

اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار، ایک لاکھ 51 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور

شائع August 20, 2025
فچ اور موڈیز کی جانب سے معیشت کیلئے سازگار آؤٹ لک نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی۔
—فائل فوٹو: ڈان
فچ اور موڈیز کی جانب سے معیشت کیلئے سازگار آؤٹ لک نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو تقویت دی۔ —فائل فوٹو: ڈان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے نیا ریکارڈ بن گیا، کے ایس ای 100 انڈیکس نے ایک ہی دن میں 2 تاریخی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے ایک لاکھ 51 ہزار 127 پوائنٹس کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق بدھ کو کاروبار کے دوران دوپہر 12 بج کر 56 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 356 پوائنٹس یا 0.90 فیصد اضافے سے ایک لاکھ 51 ہزار 127 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔

ٹریڈنگ کے دوران مجموعی طور پر 470 کمپنیوں کے شیئرز کا لین دین کیا گیا، جس میں سے 279 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 177 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جب کہ 14 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 49 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا، جب کہ دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر ڈیڑھ لاکھ کی ریکارڈ سطح بھی عبور کی تھی، تاہم یہ سطح کاروبار کے اختتام تک برقرار نہیں رہ سکی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق گزشتہ تجارتی سیشنز کی مثبت رفتار برقرار رہی، جس کی بنیاد خاص طور پر بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹرز میں مضبوط ادارہ جاتی سرمایہ کاری تھی۔

اگست میں سیمنٹ کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، اور توقع ہے کہ یہ آمدنی کے اندازوں سے تجاوز کر جائے گی۔ اس مسلسل پرامیدی نے انڈیکس کو دن کے دوران ایک لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچایا، اور کاروبار کے اختتام پر یہ 149,770 پوائنٹس پر بند ہوا۔

یہ ریلی اہم انڈیکس ہیوی ویٹس کی کارکردگی کی مرہونِ منت رہی، جن میں بینک الحبیب، یونائیٹڈ بینک، لکی سیمنٹ، میزان بینک، اور اینگرو فرٹیلائزر شامل تھے، ان اسٹاکس نے مجموعی طور پر انڈیکس میں ایک ہزار 306 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔

مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا رجحان بھی خاصا مضبوط رہا، جہاں کل تجارتی حجم 80 کروڑ 90 لاکھ حصص تک پہنچا، اور ٹریڈ شدہ مالیت 48 ارب 43 کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی، ورلڈ کال ٹیلی کام (ڈبلیو ٹی ایل) 5 کروڑ 20 لاکھ حصص کے ساتھ سب سے زیادہ تجارت والا اسٹاک رہا۔

عارف حبیب کارپوریشن کے احسن محنتی نے انڈیکس کی ریکارڈ بندش کو سرمایہ کاروں کے مثبت اعتماد سے جوڑا، جسے فچ اور موڈیز کی جانب سے معیشت کے لیے سازگار آؤٹ لک نے مزید تقویت دی۔

فچ نے مالی سال 2027 کے لیے 3.5 فیصد کی ترقی کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے گردشی قرضے کو 2 کھرب 60 ارب روپے تک کم کرنے کے منصوبے، مضبوط برآمدی اعداد و شمار اور سیمنٹ کی ترسیلات نے مارکیٹ کے اعتماد کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے ڈپٹی ہیڈ آف ٹریڈنگ، علی نجیب نے کہا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس نے اپنی تیزی کی رفتار برقرار رکھی، اور کاروبار کے دوران مختصراً ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کی، جو سرمایہ کاروں کے درمیان نئی امید اور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025