مظفرآباد: 6 مئی کو بھارتی حملے کا نشانہ بننے والی مسجد کی جی پی ایس لوکیشن بھیجنے والا ملزم گرفتار

شائع August 21, 2025
6 مئی 2025 کی رات مظفرآباد میں بھارتی میزائل حملے میں مسجد بلال شہید ہوگئی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی
6 مئی 2025 کی رات مظفرآباد میں بھارتی میزائل حملے میں مسجد بلال شہید ہوگئی تھی — فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مظفر آباد نے بھارت کے لیے جاسوسی اور بھاری رقم کے عوض حساس معلومات مہیا کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کو تفتیش کے بعد صدر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق راولا کوٹ کے نواحی گاؤں دھکی بسنیار کوئیاں کے رہائشی محمد عبید جہانگیر کے خلاف درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کو اس کی گرفتاری کے بعد تفتیش کے عمل کو آسان بنانے کے لیے خفیہ رکھا گیا تھا۔

ملزم کو 23 جولائی کو سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا اور بعد میں مظفرآباد کے صدر تھانے منتقل کر دیا گیا۔

ڈان کو دستیاب ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے جاسوسی کر رہا تھا اور حساس تنصیبات کی تصاویر سمیت خفیہ معلومات بھاری رقوم کے عوض فراہم کرتا رہا۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ اس نے مظفرآباد کے علاقے شاوی میں واقع بلال مسجد کی جی پی ایس لوکیشن اور تصاویر واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے بھیجی تھیں، یہ وہی مسجد ہے جسے 6 مئی کی رات بھارتی میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق اس کا یہ عمل پاکستان اور ریاست جموں و کشمیر کے مفاد اور سلامتی کے منافی تھا اور 1923 کے آفیشل سیکریٹس ایکٹ کی دفعہ 3/3 اے کے تحت جرم کے زمرے میں آتا ہے، اس کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعہ 54 کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یہ مقدمہ سی ٹی ڈی مظفرآباد کے فیلڈ انویسٹی گیشن یونٹ کے انچارج اے ایس آئی مشتاق احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایس ایچ او صدر نویدالحسن نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تفتیش مکمل ہونے تک ملزم کے خلاف درج ایف آئی آر کو خفیہ رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 6 مئی 2025 کو رات گئے بھارت نے مظفر آباد سمیت پاکستان میں 6 مقامات پر 24 حملے کیے تھے جن میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025