حب ڈیم بھرنے کے قریب پہنچ گیا، کراچی کا پانی کا بحران کم ہونے کا امکان
کراچی کے جاری پانی کے بحران کے دوران حالیہ مون سون بارشوں نے حب ڈیم میں پانی کی سطح کو 11 فٹ بڑھا کر نمایاں بہتری پیدا کی ہے، جس سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ ذخیرہ 3 سال تک پانی کی ضروریات پوری کر سکتا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح 322 فٹ سے بڑھ کر 333 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔
کراچی کو یومیہ 1200 ملین گیلن سے زائد پانی درکار ہے لیکن اس وقت صرف تقریباً 650 ملین گیلن روزانہ فراہم ہو رہا ہے۔
حب ڈیم سے ضلع کیماڑی اورغربی کو تقریباً 100 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جاتا ہے جبکہ باقی پانی کینجھر جھیل سے حاصل ہوتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیم کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 339 فٹ ہے اور جب یہ سطح تکمیل کو پہنچتی ہے تو یہ غربی، کیماڑی اور وسطی کے اضلاع کو 3 سال تک پانی فراہم کر سکتا ہے، اس کے بعد اضافی پانی محفوظ نکاس کے لیے اسپل وے کے ذریعے چھوڑ دیا جاتا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ 1981 میں مکمل ہونے والا حب ڈیم 24 ہزار 300 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، اب تک یہ ڈیم 12 بار اپنی زیادہ سے زیادہ گنجائش تک بھر چکا ہے، گزشتہ سال یہ یکم ستمبر کو اپنی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا جس کے بعد اسپل وے کھولا گیا اور پانی خارج کیا گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مون سون بارشیں جاری رہیں تو آئندہ دنوں میں ڈیم ایک بار پھر اپنی مکمل گنجائش تک بھر سکتا ہے۔
حکام نے پانی کی سطح میں اضافے کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور شہریوں کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ذخیرہ شہر کے پانی کے نظام کو مستحکم بنانے اور بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔













لائیو ٹی وی