قومی ایئر لائن کا لاہور تا پیرس پروازوں میں عارضی طور پر کمی کا اعلان
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے پیرس کے لیے اپنی پروازوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کیا ہے اور لاہور سے پروازیں محدود کر دی ہیں، اس فیصلے کی وجہ مسافروں کی کم تعداد بتائی گئی ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے پیرس کے لیے پروازیں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ پی آئی اے نے جون میں لاہور سے پیرس کے لیے ہفتے میں براہِ راست 2 پروازوں کا آغاز کیا تھا، تاہم اب اس فیصلے کے تحت لاہور سے پیرس کے لیے آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی، جبکہ پیرس سے لاہور واپسی کی آخری پرواز 17 ستمبر کو روانہ ہوگی۔
دوسری جانب قومی ایئر لائن نے مانچسٹر کے لیے پروازوں کی بحالی کی تیاری شروع کر دی ہے، اس مقصد کے لیے 2 طیارے مرمت اور تزئین و آرائش کے عمل سے گزارے جا رہے ہیں، لاہور-پیرس روٹ سے ہٹائے گئے طیارے بھی اسی مقصد کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کو توقع ہے کہ ستمبر کے وسط تک ’تھرڈ کنٹری آپریٹرز‘ کی اجازت مل جائے گی جس کے بعد برطانیہ (مانچسٹر) کے لیے پروازوں کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے گزشتہ سال نومبر میں پی آئی اے پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔











لائیو ٹی وی