جولائی میں غیر ملکی فنڈنگ میں 4 ارب 55 کروڑ ڈالرز کی کمی
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں غیر ملکی فنڈنگ میں 4 ارب 55 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی ہے جب کہ سالانہ بنیادوں پر جولائی میں بیرونی فنڈنگ میں 26 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزارت اقتصادی امور نے نئے مالی سال کے پہلے مہینے جولائی 2025 کی غیر ملکی فنڈنگ کی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر غیر ملکی فنڈنگ میں 4 ارب 55 کروڑ ڈالرز کی بڑی کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کو جولائی 2025 میں 69 کروڑ 45 لاکھ ڈالرز کی غیر ملکی فنڈنگ ملی اور جون 2025 میں 5 ارب 25 کروڑ ڈالرز اور جولائی 2024 میں پاکستان کو 43 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز کی غیر ملکی فنڈنگ ملی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان نےجولائی 2025 میں67 کروڑ 57 لاکھ ڈالرز کا غیر ملکی قرضہ لیا اور اسی دوران ایک کروڑ 89 لاکھ ڈالرزکی گرانٹس موصول ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر جولائی 2025 میں جولائی 2024 کے مقابلے میں بیرونی فنڈنگ میں تقریبا 26 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 26-2025 کے لیے 19 ارب 77 کروڑ ڈالرز سے زائدکی بیرونی فنانسنگ کا تخمینہ لگایا ہے۔
رواں مالی سال سعودی عرب اور چین سے مجموعی طور پر 9 ارب ڈالرز ڈپازٹ کا تخمینہ ہے، سعودی عرب سے 5 ارب ڈالرز ڈپازٹ اور چین سے 4 ارب ڈالرز کے سیف ڈپازٹ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔











لائیو ٹی وی