سیالکوٹ میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 355 ملی میٹر طوفانی بارش
سیالکوٹ میں گزشتہ رات شروع ہونے والی بارش نے شہر کو ڈبو کر رکھ دیا ہے، شہر اور گرد ونواح میں اب تک ریکارڈ 355 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق طوفانی بارش کے باعث سیالکوٹ کے مرکزی علاقوں اور گردونواح کے تمام علاقے پانی میں ڈوب گئے، شہر میں کوئی سڑک، چوراہا، بازار،گلی یا محلہ ایسا نہیں جہاں 2 سے 3 فٹ پانی کھڑا نہ ہوا ہو۔
موسلادھار بارش سے شہر میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے، گلی محلے اور بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
طوفانی بارش کے باعث واپڈا کے بیشتر فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے، جس سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔
دریں اثنا، نالہ ڈیک سے 70 ہزار کیوسک کا ریلا گزر گیا ہے، طغیانی کی زد میں آنے والے دیہات کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سیلاب میں پھنسے درجنوں افراد کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔
شہر میں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے اخراجات حکومت پنجاب اٹھائے گی۔
طوفانی بارش کے پیش نظر سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے تمام سورنگ پوائنٹس پر ہنگامی بنیادوں پر عملہ اور مشینری پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔













لائیو ٹی وی