فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرہ سکھ برادری سے ملاقات

شائع August 29, 2025
فیلڈ مارشل نے دربار صاحب کرتارپور سمیت سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو ترجیحاً بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی — فوٹو: آئی ایس پی آر
فیلڈ مارشل نے دربار صاحب کرتارپور سمیت سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات کو ترجیحاً بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی — فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر
— فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی اور ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا، جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھی جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور میں سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی اور ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کور کمانڈر گوجرانوالہ نے ان کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل کو موجودہ صورتحال اور آئندہ بارشوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، انہوں نے فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے متاثرہ سکھ برادری سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، بشمول دربار صاحب کرتارپور کو ترجیحی بنیاد پر مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے زور دیا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے اور پاکستان اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔

سکھ برادری نے سول انتظامیہ اور فوج کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا، آرمی چیف نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران ان کے فعال کردار کی تعریف کی جس سے جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے میں مدد ملی۔

پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری

دریں اثنا، صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، پاک فوج کی 6 ریسکیو ٹیمیں دریائے ستلج اور دریائے راوی پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیڈ سلیمانکی اور اٹاری کے مقامات پر پاک فوج کی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔

قصور میں پاک فوج کے دستے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، پاک فوج کے ساتھ دیگر محکمے پولیس، محکمہ آبپاشی، صحت، لائیو اسٹاک، ریسکیو 1122 اور شہری دفاع بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضلع قصور میں 21 ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں، اب تک قصور کے دیہات سے لگ بھگ 18 ہزار افراد اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔

پاک فوج کا انتظامی کیمپ منڈی احمد آباد میں قائم ہے جہاں متاثرہ خاندانوں کو پناہ اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے کے سیلاب میں بھی پاک فوج متاثرہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہے، جبکہ اوکاڑہ میں بھی پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج سیلاب کی تباہ کاریوں کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025