ایشیائی ترقیاتی بینک کا سیلاب میں امدادی سرگرمیوں کیلئے 30 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان

شائع August 29, 2025
فائل فوٹو:  ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا، حکومت پاکستان نے اے ڈی بی سے سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی سرگرمیوں کےلیے گرانٹ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔

اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بینک کے صدر مساتو کانڈا نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والوں اور متاثرہ افراد سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان کی درخواست پر اے ڈی بی’ ایشیا پیسیفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ ’ سے 30 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرے گا تاکہ ہنگامی امدادی سرگرمیوں میں مدد دی جا سکے۔

اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ پاکستان تباہ کن سیلابوں کا سامنا کر رہا ہے جن سے پوری پوری آبادیاں بے گھر ہوگئی ہیں، اور اے ڈی بی اس بحران کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب آفات آتی ہیں تو ہم تیزی سے مدد فراہم کرتے ہیں تاکہ برادریاں عزت کے ساتھ دوبارہ کھڑی ہو سکیں، یہ ایمرجنسی تعاون پاکستان کے عوام کے ساتھ ہماری دیرپا وابستگی کی عکاسی کرتا ہے جو فوری انسانی ضروریات اور طویل المدتی ترقی دونوں پر مشتمل ہے۔

مساتو کانڈا تین روزہ دورے پر پاکستان میں موجود ہیں جس کے دوران انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، مساتو کانڈا نے سیلاب زدگان سے ہمدردی کے بعد ان سے پاکستان میں تبدیلی لانے والی سرمایہ کاری، نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور عالمی صاف توانائی کی منتقلی کے لیے پاکستان کے اہم معدنیات فراہم کرنے والے اسٹریٹجک کردار پر بات چیت کی۔

ان کی گفتگو میں اے ڈی بی کی بڑی سرمایہ کاری شامل رہی، جو ٹرانسپورٹ، توانائی، شہری انفرااسٹرکچر اور تعلیم و صحت کے ذریعے انسانی سرمائے کی ترقی پر مرکوز ہے۔

مساتو کانڈا نے حکومت پاکستان کی اصلاحات پر پیش رفت کا خیر مقدم کیا اور نشاندہی کی کہ بڑی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی خودمختار ریٹنگز میں بہتری اندرونی وسائل کی بہتر وصولی کی بنیاد پر ہوئی ہے، انہوں نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں، انہوں نے 21 اگست کو اے ڈی بی کی جانب سے ریکوڈک مائننگ پروجیکٹ کے لیے 41 کروڑ ڈالر کے مالیاتی پیکج کی منظوری کا ذکر کیا جو 40 برس بعد معدنی شعبے میں اے ڈی بی کی واپسی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ ریکوڈک دنیا کے سب سے بڑے تانبے اور سونے کے ذخائر میں سے ایک ہے ، جو ابھی نکالے نہیں گئے، ریکوڈک پاکستان کو عالمی سطح پر صاف (ماحول دوست) توانائی کی منتقلی کے لیے اہم معدنیات فراہم کرنے والا ملک بنائے گا۔

ان ملاقاتوں کے علاوہ مساتو کانڈا کے دورے میں مقامی آبادیوں اور کاروباروں سے براہ راست روابط بھی شامل تھے، انہوں نے اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ون ونڈو سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پروگرام کے مستفیدین سے ملاقات کی اور بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کے ساتھ مل کر شکایات کے ازالے کا نظام لانچ کیا۔

صدر اےڈی بی نے لاہور کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کی پہلی پائیدار ایوی ایشن فیول فیکٹری کا معائنہ کیا، یہ منصوبہ اے ڈی بی کی مالی معاونت سے مکمل ہو رہا ہے جو استعمال شدہ کوکنگ آئل کو پائیدار ہوائی ایندھن میں بدل کر برآمدی منڈیوں تک پہنچائے گا۔

مساتو کانڈا نے مختلف سی ای اوز اور بزنس لیڈرز سے ملاقات کر کے اس بات پر بھی بات چیت کی کہ اے ڈی بی کس طرح نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے میں مدد دے سکتا ہے۔

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے اہم سرکاری عہدیداروں سے بھی نتیجہ خیز ملاقاتیں کیں، جن میں اے ڈی بی کے گورنر اور وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف شامل تھے۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات اور جاری اصلاحاتی ایجنڈے کے ساتھ ساتھ یہ بھی گفتگو ہوئی کہ ریکوڈک جیسے بڑے منصوبے پاکستان میں لچکدار اور جامع ترقی کو کس طرح فروغ دے سکتے ہیں تاکہ ملک مستقبل کے چیلنجز کے لیے بہتر طور پر تیار ہو سکے۔

کارٹون

کارٹون : 5 دسمبر 2025
کارٹون : 4 دسمبر 2025