خود پر ہونے والی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اذان سمیع خان
گلوکار و اداکار اذان سمیع خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہر کام کو تنقیدی نظر سے دیکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دوسروں کی تنقید انہیں متاثر نہیں کرتی۔
اذان سمیع خان نے حال ہی میں ’فوشیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ثمر جعفری کے ساتھ ان کا ایک خاص تعلق ہے، وہ بچپن ہی سے خواہش رکھتے تھے کہ ان کا ایک چھوٹا بھائی ہو اور جب ثمر جعفری سے ان کی ملاقات ہوئی تو انہیں لگا کہ جیسے انہیں اپنا بھائی مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ثمر جعفری کو بہت زیادہ تنگ کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ بھی ان کی زندگی میں بھی ایک خاص مقام حاصل کریں۔
اداکار نے بتایا کہ ثمر جعفری کی عادت ہے کہ وہ جس اداکار یا نامور شخصیت کے ساتھ بھی تصویر پوسٹ کرتے ہیں تو اس کا تعارف بڑے بھائی کے طور پر کراتے ہیں، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ ثمر جعفری جب بھی ان کا تعارف کرائیں تو انہیں اپنے پسندیدہ بڑے بھائی کے طور پر متعارف کروائیں۔
اذان سمیع خان کے مطابق انہیں بہت اچھا لگے گا اگر ثمر جعفری ان کے لیے پسندیدہ بھائی کے نام سے کوئی گانا تیار کریں اور اگر ایسا ہوا تو وہ اس پر دوپٹہ لہراتے ہوئے یا تو ریل بنائیں گے یا پھر آنسوؤں کے ساتھ ٹک ٹاک بنائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں خود پر ہونے والی تنقید سے فرق نہیں پڑتا، کیونکہ وہ خود اپنے آپ پر بہت زیادہ تنقید کرتے ہیں اور اپنے ہر کام کو تنقیدی نظر سے دیکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عادت غلط ہے لیکن اس کی وجہ سے انہیں دوسروں کی جانب سے کی جانے والی تنقید بری نہیں لگتی۔
اذان سمیع خان نے یہ بھی بتایا کہ اسی عادت کی وجہ سے وہ اپنے پرانے گانے دوبارہ نہیں سن سکتے، کیونکہ اگر وہ سنیں گے تو اس میں کوئی نہ کوئی غلطی نکالتے رہیں گے، اسی لیے وہ اپنے پرانے گانے نہیں سنتے۔












لائیو ٹی وی