• KHI: Clear 20.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C
  • KHI: Clear 20.3°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 14°C

ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج

شائع September 1, 2025
— فوٹو: سوشل میڈیا
— فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں خاتون کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں درج ایف آئی آر میں متاثرہ خاتون سمیہ حجاب نے الزام لگایا ہے کہ ملزم حسن زاہد کئی روز سے ان کا تعاقب کرتا رہا اور بار بار تحائف دے کر دباؤ ڈالتا رہا۔

معروف ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے پولیس کو مزید بتایا کہ 31 اگست کو شام ساڑھے 6 بجے ملزم نے گھر کے باہر زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی اور کھلے عام بدلہ لینے کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

متاثرہ خاتون نے اس حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی اپ لوڈ کی تھی جو انہوں نے پولیس کے حوالے کردی اور ساتھ ہی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی پولیس کو دے دی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال جون میں اسلام آباد کی 17 سالہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو شادی سے انکار کرنے پر 22 سالہ عمر حیات نے بے رحمانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کر لیا اور وہ اب مقدمے کی سماعت کے مراحل سے گزر رہا ہے، تاہم ایسے واقعات سے نوجوان نسل کو ابھی تک کوئی عبرت حاصل نہیں ہوئی۔

گزشتہ روز ٹک ٹاکر سامعہ حجاب جعفری نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ ثنا یوسف کی دوست ہیں اور انہیں بھی لاہور کا نوجوان حسن زاہد، عمر حیات کی طرح ہراساں کر رہا ہے۔

سامعہ کے مطابق یہ شخص 2 سے 3 ماہ سے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، ان سے مسلسل شادی کرنے کی درخواست کر رہا ہے اور انہیں اسٹاک کر رہا ہے۔

ویڈیو میں سامعہ نے بتایا کہ شام کے وقت یہ شخص ان کے گھر آیا، والدہ کی بیماری اور گھر میں بھائی کی غیر موجودگی کی وجہ سے جب وہ گیٹ کھولنے کے لیے باہر گئیں تو اس نے ان کا موبائل چھین لیا اور گاڑی میں بیٹھ گیا، جب انہوں نے موبائل واپس لینے کی کوشش کی تو انہیں زبردستی گاڑی میں گھسیٹ لیا، جس کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025