• KHI: Partly Cloudy 17.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.1°C
  • ISB: Cloudy 14.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 17.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.1°C
  • ISB: Cloudy 14.5°C

افغان کرکٹ بورڈ کی زلزلہ متاثرین کیلئے کاروباری برادری سے مدد کی اپیل

شائع September 1, 2025
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ملک کی کاروباری برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ زلزلہ متاثرین کی مدد کریں، جس میں کم از کم 800 افراد جاں بحق اور 2500 سے زائد زخمی ہوئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز ننگرہار صوبے کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا اور اس کی گہرائی صرف 8 کلومیٹر تھی۔

ماہرین کے مطابق کم گہرائی والے زلزلے زیادہ نقصان دہ ہوتے ہیں، رات بھر کم ازکم 5 آفٹر شاکس بھی آئے، جن میں ایک 5.2 شدت کا طاقتور جھٹکا شامل تھا۔

افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تمام قومی تاجروں اور کاروباری ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہیں وہ صورتحال میں کنڑ اور دیگر مشرقی صوبوں کے متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ اے سی بی کی قیادت، تمام کھلاڑیوں اور عملے کے ساتھ مل کر مشرقی صوبوں بالخصوص کنڑ میں شدید زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔

مزید کہا گیا کہ ’غم کی اس گھڑی میں ہم اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، زلزلے کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور دیگر سیکڑوں لوگ متاثر ہوئے، یقیناً ایک بڑی آفت ہے‘۔

خیال رہے کہ طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ طاقتور زلزلے کے نتیجے میں بیشتر جانی نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا جہاں 800 سے زائد افراد جاں بحق اور 2500 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ صوبہ ننگرہار میں 12 افراد جاں بحق اور 255 زخمی ہوئے۔

زلزلے کے جھٹکے کابل سے لے کر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد تک محسوس کیے گئے، کنڑ صوبے میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی، جہاں سیکڑوں مکانات تباہ ہو گئے۔

سہ ملکی سیریز کے میچ میں ایک منٹ کی خاموشی

دوسری جانب، یو اے ای اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی ٹی20 سیریز کے میچ سے پہلے آج شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

اماراتی بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ’ امارات کرکٹ بورڈ، افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر زلزلے کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025