کراچی: چپ تعزیے کا پہلا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر نور باغ مسافر خانہ پہنچ کر ختم ہوگیا
شہادت امام حسن عسکری علیہ السلام کے سلسلے میں کراچی میں چپ تعزیے کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہوکر نور باغ مسافر خانہ کھارا در پہنچ کر پر امن طور پر ختم ہوگیا، دوسرا مرکزی جلوس بعد نماز ظہرین گولیمار میں واقع امام بارگاہ قصر مصیب سے برآمد ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق چپ تعزیے کا پہلا جلوس صبح 8 بجے نشتر پارک سے بر آمد ہوا، جلوس سے قبل بعد نماز فجر مجلس برپا کی گئی، جس سے علامہ باقر زیدی نے خطاب کیا، امام حسن عسکر ی علیہ السلام کے فضائل اور ان کی زندگی پر روشنی ڈالی گئی۔
مجلس کے بعد عماری کا جلوس برآمد ہوا، عزادار رسول اللہ ﷺ کو ان کے نواسوں کا پرسہ دیتے رہے، جلوس نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، تبت سینٹر، عید گاہ، لائٹ ہاؤس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادر سے ہوتا ہوا نور باغ مسافر خانہ پر ختم ہوا۔
چپ تعزیے کا دوسرا جلوس بعد نماز ظہرین قصر مصیب امام بارگاہ گولیمار سے برآمد ہوکر لسبیلہ، تین ہٹی، جیل روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن کوارٹرز پر ختم ہوگا۔
چپ تعزیے کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔













لائیو ٹی وی