ملک میں تیل کی مجموعی فروخت اگست میں بڑھ کر 13 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی
پاکستان میں تیل کی مجموعی فروخت اگست میں بڑھ کر 13 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی، جو سال بہ سال بنیاد پر 7 فیصد اور جولائی کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے جاری کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالی سال 2026 کے پہلے 2 ماہ (جولائی تا اگست) کے دوران تیل کی مجموعی فروخت 25.23 لاکھ ٹن رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔
اگست میں پیٹرول (موٹر اسپرٹ) کی فروخت 6 لاکھ 75 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں 8 فیصد اور جولائی کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے، جولائی تا اگست پیٹرول کی مجموعی فروخت 12.88 لاکھ ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے 12.16 لاکھ ٹن سے 6 فیصد زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس اضافے کی بڑی وجہ موٹر سائیکلوں، رکشوں اور مسافر گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی فروخت بھی نمایاں طور پر بڑھی، اگست میں اس کی کھپت 5 لاکھ 22 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہے، جولائی کے مقابلے میں بھی اس میں 2.6 فیصد اضافہ ہوا، جولائی تا اگست ڈیزل کی مجموعی فروخت 10.31 لاکھ ٹن رہی جو گزشتہ سال کے 9.21 لاکھ ٹن کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔
اس کے برعکس فرنس آئل کی کھپت میں تیزی ست کمی کا رجحان جاری ہے۔ اگست میں فرنس آئل کی فروخت صرف 19 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال اگست کے 65 ہزار ٹن کے مقابلے میں 71 فیصد کم ہے، جولائی میں یہ مقدار 15 ہزار ٹن رہی تھی، مجموعی طور پر جولائی تا اگست فرنس آئل کی فروخت 34 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال کے ایک لاکھ 42 ہزار ٹن سے 76 فیصد کم ہے۔
ماہرین کے مطابق فرنس آئل کی فروخت میں کمی اس بات کی عکاس ہے کہ بجلی کی پیداوار میں فرنس آئل کے بجائے نسبتاً صاف اور کم لاگت والے ایندھن کو ترجیح دی جا رہی ہے۔













لائیو ٹی وی