دریائے توی میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے
ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان کاٹھیا نےکہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے، دریائے توی میں ہائی فلڈ آ سکتا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان کاٹھیا نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دریائے چناب میں ایک گھنٹےکے دوران 60 ہزار کیوسک پانی بڑھ چکا ہے، ہیڈ مرالہ اور تریموں سے 10 لاکھ کیوسک کا ریلہ گذرا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں، شمالی پنجاب میں بھی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پانی کے بہاؤ میں اضافے سے سیالکوٹ، نارووال میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دریائے ستلج میں اس وقت ہائی فلڈ چل رہا ہے، میلسی، بہاولپور اور بہاولنگر میں سیلابی صورتحال بدستور قائم ہے۔
عرفان کاٹھیا کے مطابق ہیڈ سدھنائی پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک سے بڑھ چکا ہے۔
واضح رہے کہ سیلاب جنوبی پنجاب میں داخل ہوگیا ہے، ملتان میں دریائے چناب کا بڑا آبی ریلا ہیڈ محمد والا سے گزر رہا ہے، پانی متعدد بستیوں میں داخل ہونے کے بعد ریسکیو ٹیموں کی جانب سے متاثرہ بستیوں سے لوگوں کو محفوط مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
ملتان میں دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، اکبر فلڈ بند کے قریب پولیس نے بیریئر لگاکر ہیڈ محمد والا روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
ہیڈ محمد والا پر 4 لاکھ 90 ہزار کیوسک کا ریلا پہنچ گیا، آج ملتان میں 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا گزرے گا، پانی زیادہ ہونے کی صورت میں بند پر شگاف ڈالا جائے گا، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
ادھر بہاولنگر میں دریائے ستلج میں آنے والے بڑے سیلابی ریلے سے چاویکا بہادر کا بند ٹوٹنے سے متعدد بستیاں پانی کی لپیٹ میں آگئیں اور مرکزی شاہراہ میں پانی موجود ہونے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
سندھ میں کچے کے علاقے سے نقل مکانی
سندھ کے مختلف اضلاع کے کچے کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کے بعد لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی جاری ہے۔
سندھ کے 3 بیراجوں پر بدستور نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے آج 8 لاکھ کا سیلابی ریلا آنے کی توقع کی جارہی ہے، ضلع کونسل سکھر کی جانب سے کچے میں پانی میں پھنسے کئی خاندانوں کو کشتیوں پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
سندھ میں کوٹری بیراج کے مقام پر دریائے سندھ کے سیلابی ریلے سے 78 دیہات زیر آب آگئے، بے گھر لوگوں نے کشتیوں پر محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کردی۔













لائیو ٹی وی