اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس ایک لاکھ 54 ہزار کی نئی بلندی پر پہنچ گیا
سیلاب سے متعلق خطرات کے باوجود سرمایہ کاروں کی امیدوں کے درمیان پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس ایک لاکھ 54 ہزار پوائنٹس کی نئی بُلندی پر پہنچ گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس ایک ہزار 615 پوائنٹس یا 1.06 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 54 ہزار 280 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز ایک لاکھ 52 ہزار 665 پر بند ہوا تھا۔
اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ اویس اشرف نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ میکرو اکنامک حالات میں بہتری، خاص طور پر روپے کی مضبوطی کے نتیجے میں سرمایہ کار پُر امید ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ رئیل اسٹیٹ، فکسڈ انکم اور کرنسی مارکیٹ میں محدود منافع کی وجہ سے بھی ایکویٹی زیادہ پرکشش آپشن ہے۔
چیس سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق نے نوٹ کیا کہ ایکویٹی مارکیٹ اس وقت سرمایہ کاری کے دور کے پُرامید مرحلے کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ منتخب شعبہ جات میں ابتدائی جوش و خروش کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔
سیلاب سے متعلق خطرات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ مارکیٹ کی جانب سے حالیہ سیلاب کے ممکنہ منفی اثرات کو نظر انداز کرنا تشویش ناک ہے، کیونکہ یہ وسیع تر معاشی اور سماجی خطرات کے ممکنہ کم تخمینہ کا اشارہ دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکوٹیز میں دولت کی تخلیق کا طویل مدتی راستہ برقرار ہے، لیکن اس کے لیے نظم و ضبط، صبر، اور قیاس آرائیوں کی بجائے بنیادی خطرات کی تعریف کی ضرورت ہے۔











لائیو ٹی وی