سندھ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی، صدر مملکت نے اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات دے دیئے
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر تمام ادارے تیار رہیں، صوبے کے شہری، نشیبی اور ساحلی علاقوں میں پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایک بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ متوقع بارشوں کے پیش نظر حب ڈیم اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جائے۔
انہوں نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام موجودہ صورتحال کے دوران حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کا احکام دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے قبل عوام کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے انتظامات مکمل رکھے جائیں، ضلع اور تحصیل کی سطح پر ریلیف کے لیے مشینری اور عملہ مستعد رہے۔
دریں اثنا، حکومت سندھ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر 44 تعلقوں ( تحصیلوں) کے 1651 دیہات متاثر ہوسکتے ہیں۔
محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سندھ بھرمیں سیلابی صورتحال کے پیش نظر 44 تعلقوں ( تحصیلوں) کے 1651 دیہات متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ ممکنہ سیلاب سے مجموعی طور پر 16 لاکھ 38 ہزار 491 کی آبادی متاثر ہونےکا خدشہ ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں مختلف اضلاع سے 6 ہزار 288 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے جب کہ مختلف اضلاع سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 28 ہزار 57 افراد متاثر ہوئے ہیں، اور صوبے بھر میں 528 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت کی جانب سے مجموعی طور پر 154 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران 5 ہزار 772 مریضوں کا علاج کیا گیا۔













لائیو ٹی وی