ترک وزیرِ دفاع کا دورہِ پاکستان مکمل، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں
ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یشار گولر کا 3 روزہ دورہ پاکستان مکمل ہوگیا، مہمان وزیرِ دفاع نے وزیر اعظم پاکستان، فیلڈ مارشل سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ کہ ترک وزیرِ قومی دفاع یشار گولر نے 3 روزہ دورے کے دوران پاک-ترک مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت اور وزیرِاعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے تعلقات کو مزید گہرے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، شہباز شریف نے ترکیہ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی) میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ تعلیم، توانائی اور ثقافتی تبادلوں میں پاک-ترک روابط اہم ہیں۔
ترک وزیر دفاع یشار گولر نے وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے تزویراتی اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان۔ترکیہ مشترکہ وزارتی کمیشن کا 16واں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس کی مشترکہ صدارت وزیرِ تجارت جام کمال خان اور یشار گولر نے کی۔
اہم اجلاس میں اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے ایجنڈے کا جائزہ لیاگیا جب کہ تجارت، سرمایہ کاری، دواسازی اور آئی ٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
مشترکہ وزارتی کمیشن اجلاس میں ای کامرس، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داری پر زور دیا گیا، ساتھ ی تعلیم، معدنیات، میڈیا اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو کثیرالجہتی شراکت داری میں بدلنے کا عزم کا اعادہ کیا۔











لائیو ٹی وی