قطر پر اسرائیلی حملے کیخلاف پاکستان کا سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ
پاکستان نے قطر کے خلاف ا سرائیلی جارحیت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل کی قطر کے خلاف بلاشتعال اور غیرقانونی جارحیت کے پیش نظر پاکستان نے الجزائر اور صومالیہ کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست اس لیے دی گئی ہے کہ تاکہ صورتحال پر غور کیا جا سکے اور اس سنگین معاملے پر غوروفکر کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان برادر ملک قطر کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی اور پختہ حمایت کا اظہار کرتا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیل نے قطر میں فضائی حملہ کیا تھا جس میں اس نے حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانے بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم حملے میں حماس کے رہنما خلیل الحیہ محفوظ رہے تھے لیکن ان کے بیٹے اور معاون سمیت 6 افراد شہید ہو گئے۔
یہ حملہ اُس وقت ہوا جب حماس کے مذاکرات کار امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تازہ ترین جنگ بندی کی تجویز پر غور کرنے کے لیے ملاقات کر رہے تھے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے گذشتہ روز قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے دوحہ پراسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی اور پاکستان کی جانب سے قطر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امیر قطر سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے دوحہ میں غیر قانونی اور وحشیانہ بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کی، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے امیر قطر، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے اسرائیل کے اس حملے کو بزدلانہ اور قطری خود مختاری و علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔
پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن سمیت عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے قطر پر اسرائیل کے بلااشتعال حملے کی شدید مذمت کی ہے۔











لائیو ٹی وی