• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Cloudy 15°C
  • ISB: Cloudy 15.5°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Cloudy 15°C
  • ISB: Cloudy 15.5°C

اسرائیلی جارحیت کو فوری روکا جائے، امت مسلمہ کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، وزیراعظم

شائع September 11, 2025
فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم کی دوحہ میں قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوگی۔ — فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم کی دوحہ میں قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات ہوگی۔ — فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان نے قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور امت مسلمہ کو اس کے مقابلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں دوحہ کا ایک روزہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں قطر کے ساتھ کھڑا ہے اور دونوں ممالک کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہمیشہ مضبوط رہیں گے۔ وزیراعظم نے اسرائیلی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہری افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور امت مسلمہ کو اس کے مقابلے میں اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے غزہ میں قیام امن کے لیے قطر کے تعمیری ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی استحکام اور سفارتی کوششوں کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی جبکہ قطر کے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا، جس میں پاکستان نے او آئی سی کے شریک میزبان بننے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

امیر قطر نے وزیراعظم کا اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت، علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورہ پر قطر پہنچ گئے دوحہ ایئرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبد الرحمٰن بن حسن الثانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شریک ہیں۔

قطر اور پاکستان کے مابین دیرینہ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں، پاکستان نے قطر کا ہمیشہ ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا اور دیتا رہے گا۔

خیال رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر میں فضائی حملہ کیا تھا جس میں اس نے حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانے بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم حملے میں حماس کے رہنما خلیل الحیہ محفوظ رہے تھے لیکن ان کے بیٹے اور معاون سمیت 6 افراد شہید ہو گئے۔

یہ حملہ اُس وقت ہوا جب حماس کے مذاکرات کار امریکا کی جانب سے پیش کی گئی تازہ ترین جنگ بندی کی تجویز پر غور کرنے کے لیے ملاقات کر رہے تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسی روز قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے دوحہ پراسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی اور پاکستان کی جانب سے قطر سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔

سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امیر قطر سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے اسرائیلی فورسز کی جانب سے دوحہ میں غیر قانونی اور وحشیانہ بمباری کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان اور شہری املاک کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے امیر قطر، قطری شاہی خاندان اور قطر کے عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔

وزیر اعظم نے اسرائیل کے اس حملے کو بزدلانہ اور قطری خود مختاری و علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔

پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن سمیت عالمی برادری اور اقوام متحدہ نے قطر پر اسرائیل کے بلااشتعال حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025