پروین اکبر کا عوامی جگہوں پر نوجوانوں کے غیر مناسب رویوں پر اظہارِ تشویش
سینئر اداکارہ پروین اکبر نے عوامی جگہوں پر نوجوانوں کے غیر مناسب رویوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
حال ہی میں پروین اکبر نے متھیرا کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے والدین اور اولاد کے تعلقات، نوجوان نسل کے رویوں اور معاشرتی مسائل پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ تعلق برقرار رکھا ہے، جس کی وجہ سے ان کے بچے بلا خوف و جھجک اپنی باتیں ان سے شیئر کرتے ہیں۔
ان کے مطابق اولاد اور والدین کے درمیان ایسا رشتہ ہونا چاہیے، جس سے بچوں کو بھی فائدہ ہو اور والدین بھی اپنے بچوں کی سرگرمیوں سے باخبر رہیں۔
پروین اکبر نے بچوں کی پرورش میں سختی اور مارپیٹ سے گریز کرنے پر زور دیا اور کہا کہ بچوں کو ان کی حدود آرام سے سمجھانا چاہیے تاکہ وہ باغی نہ ہوں۔
انہوں نے اولاد اور والدین کے حقوق اور فرائض پر بھی بات کی اور کہا کہ اولاد بڑھاپے میں والدین کا سہارا ہوتی ہے، جو بچے نافرمان ہوتے ہیں اس کی ذمہ داری والدین پر عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ بچوں کی پرورش صحیح طریقے سے نہیں کرتے، اسی طرح فرمانبردار اور خیال رکھنے والی اولاد کا کریڈٹ بھی والدین کو جاتا ہے۔
اپنی بہن کے ہمراہ کراچی کے ایک کیفے جانے کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے پروین اکبر نے کہا کہ وہاں نوجوان نسل کی غیر مناسب حرکات دیکھ کر انہیں سخت حیرت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وہ موقع دیکھ کر ردعمل دینے کی بھی خواہش رکھتی تھیں، لیکن دل میں خوف آگیا کہ کہیں کوئی ان کی ویڈیو بنا کر وائرل نہ کردے، اس لیے صرف کافی پی کر واپس نکل گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی جگہوں پر ایسے رویے عام ہیں، جب کہ بیرونِ ملک عوامی جگہوں پر ایسا نہیں ہوتا وہاں اس کے لیے الگ سے جگائیں بنی ہوئی ہیں۔













لائیو ٹی وی