دبئی کا شاندار دنیا کا بلند ترین ہوٹل کھلنے کے لیے تیار
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں دنیا کا بلند ترین ہوٹل ’سیئل دبئی مرینا‘ تیار ہوگیا، اس کا افتتاح رواں سال نومبر میں کیا جائے گا۔
عرب اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق دنیا کا بلند ترین ہوٹل 82 منزلہ عمارت ہے جو کہ 377 میٹر بلند ہے، اس میں دنیا کا سب سے بلند انفینٹی پول بھی بنایا گیا ہے۔
ایوارڈ یافتہ فرم نورر نے اس ٹاور کا ڈیزائن تیار کیا ہے، جس میں 1004 کمرے اور سوئٹس شامل ہیں۔
دنیا کے پرتعیش ہوٹلوں میں سے ایک ہوٹل کے ہر کمرے میں فلور ٹو سیلنگ کھڑکیاں نصب ہوں گی جن سے پام جمیرا اور عرب خلیج کے دلکش نظارے دیکھے جا سکیں گے۔
ہوٹل میں آٹھ منفرد ڈائننگ وینیوز ہیں، جن میں سب سے نمایاں تاتو دبئی ہے، جو تین منزلوں پر مشتمل ایک جدید ایشیائی ریستوران اور بار ہوگا۔
اس کے ساتھ تاتو اسکائی پول 76 ویں منزل پر اور تاتو اسکائی لاؤنج 81 ویں منزل پر واقع ہے، جہاں سے 360 ڈگری مناظر بھی دیکھے جا سکیں گے۔
دیگر ریستورانوں میں بحیرہ روم کے کھانوں پر مشتمل ویسٹ 13، مشرقی کھانوں پر مشتمل ایسٹ 14 اور مقامی برانڈ رائزن کیفے اینڈ آرٹیزنل بیکری شامل ہیں۔
مہمانوں کے لیے 61 ویں فلور پر لگژری اسپا، 24/7 جدید جم اور پام جمیرا پر واقع سولونا بیچ کلب کی خصوصی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
ہوٹل براہِ راست دبئی مرینا بورڈ واک سے منسلک ہوگا، جس سے پانی کی ٹیکسی، مرینا مال، ٹرام اور میٹرو تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔
پراجیکٹ کے منتظمین کے مطابق یہ شاندار ہوٹل دبئی کی سیاحت اور کاروباری سفر میں عالمی مرکز کے طور پر حیثیت مزید مضبوط کرے گا۔
ہوٹل کے ایک رات کے کمرے کا کرایہ فی فرد پاکستانی ایک لاکھ 75 ہزار روپے سے شروع ہوگا جب کہ اس کے مختلف کمروں کے کرائے مختلف ہوں گے اور فی فرد کرایہ تین لاکھ روپے تک بھی ہوگا۔۔
ہوٹل میں رہائش کے دوران کھانے، پینے اور دیگر سہولیات حاصل کرنے کے لیے الگ سے پیسے رکھے جانے کی توقع ہے جب کہ سہولیات اور کھانے، پینے کے بغیر بھی کمرے دستیاب ہوں گے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے













لائیو ٹی وی