• KHI: Partly Cloudy 19.3°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.3°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.1°C

چارلی کرک کے قاتل کی معلومات دینے پر ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان، قتل میں استعمال ہونیوالی رائفل برآمد

شائع September 11, 2025
فوٹو: بی بی سی
فوٹو: بی بی سی

امریکی حکام نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقتول قریبی ساتھی چارلی کرک کے قتل میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی رائفل برآمد کرلی گئی ہے، قاتل کی معلومات فراہم کرنے والے کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی تحقیقاتی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے بولٹ ایکشن رائفل برآمد کرلی ہے جسے وہ بااثر قدامت پسند کارکن چارلی کرک کے قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار سمجھتے ہیں، اور انہوں نے ایک مشتبہ شخص کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔ حکام کے مطابق یہ شوٹر کالج کے طالب علم کی عمر کا دکھائی دیتا ہے۔

31 سالہ چارلی کرک، جو مصنف، پوڈکاسٹ ہوسٹ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی تھے، بدھ کے روز یوٹا کی ایک یونیورسٹی میں لیکچر کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے تھے۔ ٹرمپ نے اس قتل کو ’ گھناؤنی ٹارگٹ کلنگ’ قرار دیا تھا۔

ایف بی آئی اور ریاستی حکام نے کہا کہ قاتل تقریب کے شروع ہونے سے چند منٹ قبل کیمپس پر پہنچا تھا۔ یہ تقریب ’ پروو می رانگ’ کے عنوان سے یوٹا ویلی یونیورسٹی، اورِم میں منعقد تھی جس میں تقریباً 3 ہزار افراد شریک تھے۔

سیکیورٹی کیمروں کی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ مشتبہ شخص چھت پر جانے کے لیے سیڑھیاں چڑھتا ہے اور پھر فائرنگ کرتا ہے۔ چارلی کرک، جو اسلحہ رکھنے کے حقوق کے زبردست حامی تھے، ناظرین کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے کہ انہیں گولی گردن میں لگی جس کے ساتھ ہی حاضرین میں بھگدڑ مچ گئی۔

ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ رابرٹ بولز نے کہا کہ شوٹر چھت سے کود کر ساتھ والے محلے میں فرار ہوگیا۔ حکام نے بتایا کہ ’ ہائی پاور بولٹ ایکشن’ رائفل ایک قریبی جنگل سے برآمد کرلی گئی ہے اور اس پر موجود ہتھیلی کے نشانات اور قدموں کے نشانات کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ آج یوٹا یونیورسٹی میں کلاسیں منسوخ کردی گئیں، کیونکہ عمارت کی چھت اور قریبی جنگل کو پیلے ٹیپ سے گھیر کر شواہد اکٹھے کیے جارہے تھے۔

یوٹا کے پبلک سیفٹی کمشنر بیو میسن نے کہا کہ شوٹر کالج کے طالبعلم کی عمر کا لگتا ہے اور ’ کیمپس پر آسانی سے گھل مل گیا’ تھا۔ ایف بی آئی نے سیکیورٹی کیمروں سے لی گئی دھندلی تصاویر جاری کیں جن میں ایک ’ مشتبہ شخص’ سیاہ قمیص، سیاہ چشمہ اور گہری رنگ کی بیس بال کیپ پہنے دکھائی دیتا ہے۔ اس قمیص پر امریکی جھنڈے پر پرواز کرتے گنجے عقاب کی تصویر بنی ہوئی تھی۔

ٹرمپ کی جانب سے کرک کو اعلیٰ ترین اعزاز دینے کا اعلان

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے گولہ بارود پر کچھ تحریریں کندہ تھیں جن کے معنی ابھی تک واضح نہیں ہوسکے۔

چارلی کرک قدامت پسند طلبہ کے گروپ ’ ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے’ کے شریک بانی اور صدر تھے اور ان کی یہ تقریب ’ امریکن کم بیک ٹور’ کے 15 پروگراموں میں سے ایک تھی۔ ان کے قتل نے سیاسی تشدد کے خلاف ڈیموکریٹس، ری پبلکنز اور غیر ملکی حکومتوں کی جانب سے شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔

ٹرمپ نے آج کہا کہ وہ چارلی کرک کو امریکی صدارتی میڈل آف فریڈم سے نوازیں گے جو ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ دوسری جانب نائب صدر جے ڈی وینس نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کی یادگاری تقریب کے لیے نیویارک جانے کا پروگرام منسوخ کر دیا اور اب وہ یوٹا میں کرک کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے جائیں گے۔

چارلی کرک نے قدامت پسند سیاست میں اپنے کیریئر کا آغاز نوعمری میں کیا تھا اور محض ایک دہائی بعد ان کے دوست امریکی حکومت اور میڈیا کے اعلیٰ ترین سطحوں پر ہیں۔ وینس نے لکھا کہ ’ اس انتظامیہ کی جو کامیابی ہے وہ زیادہ تر چارلی کرک کی تنظیمی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ہمیں 2024 میں جیتنے میں ہی نہیں مدد کی بلکہ پوری حکومت کے عملے کی تیاری میں بھی مدد دی۔’

قاتل کی معلومات دینے والے کیلئے ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آئی ) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ( قاتل کی) معلومات فراہم کرنے والے کو ایک لاکھ ڈالر تک کا انعام دے گی۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ انعام ’ چارلی کرک کے قتل کے ذمہ دار فرد/افراد کی شناخت اور گرفتاری تک پہنچانے والی معلومات’ پر دیا جائے گا۔

معلومات رکھنے والے افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک مخصوص فون نمبر پر رابطہ کریں اور اپنی تصاویر یا ویڈیوز آن لائن بھی جمع کرا سکتے ہیں۔

اس سے قبل حکام نے بتایا تھا کہ آج صبح تک عوام کی جانب سے 130 اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025