عائشہ عمر ’ڈیٹنگ‘ ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کی میزبانی کریں گی
اداکارہ و ٹی وی میزبان عائشہ عمر پہلی بار ایک منفرد اردو ریئلٹی شو کی میزبانی کرتی دکھائی دیں گی، جسے جلد ہی یوٹیوب پر ریلیز کیا جائے گا۔
عائشہ عمر منفرد ریئلٹی ڈیٹنگ شو ’لازوال عشق‘ کی میزبانی کرتی نظر آئیں گی جو اردو سمجھنے والے ناظرین کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔
مذکورہ شو ترکی کے مشہور ریئلٹی شو ’عشق آداسی‘ سے متاثر ہے اور یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا۔
پاکستانی ناظرین پہلی بار اس طرح کا پروگرام دیکھیں جو عام طور پر اس طرح کے رومانوی مقابلوں پر مبنی ریئلٹی شوز سے ناواقف رہے ہیں۔
اسی طرح کا پہلا عالمی ریئلٹی ڈیٹنگ شو ’دی بیچلر‘ 2002 میں شروع ہوا تھا اور اس کے متعدد سیزن چلائے جا چکے ہیں، اس کے بعد برطانیہ میں اسی طرح کا شو ’لو آئی لینڈ‘ شروع کیا گیا لیکن پاکستانی شائقین کے لیے اب تک اس طرح کا کوئی ڈیٹنگ شو نہیں تھا۔
’لازوال عشق‘ کے جاری کیے گئے ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ شو کے دوران چار مرد اور چار خواتین شرکا ایک پرتعیش بنگلے میں ایک ساتھ رہیں گے، جہاں ان کی ہر حرکت کیمروں پر ریکارڈ کی جائے گی۔
ممکنہ طور پر 100 اقساط پر مشتمل اس شو میں شرکا کو مختلف چیلنجز، کھیلوں، اتحاد اور دشمنیوں سے گزرنا ہوگا، آخر میں ایک ’فاتح جوڑا‘ منتخب کیا جائے گا جو کہ عالمی ڈیٹنگ ریئلٹی شوز کے مقابلوں کی طرز پر ہوگا۔
شو کے ٹیزر مٰن عائشہ عمر کو ترکیہ کے مشہور سیاحتی مقامات پر دیکھا جا سکتا ہے، انہیں سمندر پر کشتی میں سفر کرتے اور پھر ایک عالیشان بنگلے میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے۔
ریئلٹی شو کے پرتعیش بنگلے میں خوبصورت سوئمنگ پول، کچن اور لان بھی موجود ہیں۔
ٹیزر میں آٹھ شرکاء کو اپنے سوٹ کیسز کے ساتھ بنگلے میں پہنچتے دکھایا گیا ہے جو محبت کی تلاش میں اپنی قسمت آزمانے کے لیے تیار ہیں۔
خیال رہے کہ ترکی کا شو ’عشق آداسی‘ پہلے ہی فارسی (’عشق ابدی‘) اور عربی (’قسمت و نصیب‘) کے پروگرامات سے متاثر ہوکر بنایا گیا تھا۔
’لازوال عشق‘ اپنی شاندار پروڈکشن، ترکی کے خوبصورت مناظر اور پاکستانی شرکاء کے امتزاج کے ساتھ اردو بولنے والے ناظرین کے لیے وہی جادو جگائے گا جو ’لو آئی لینڈ‘ نے برطانوی ناظرین کے لیے کیا۔












لائیو ٹی وی