• KHI: Partly Cloudy 19.3°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.3°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 13.1°C

قطر پر اسرائیلی حملے کیخلاف اسلامی ممالک کا وزارتی اجلاس آج، ڈار دوحہ پہنچ گئے

شائع September 14, 2025
او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا تیاری اجلاس آج ہوگا، سربراہی اجلاس پیر کے روز منعقد ہوگا۔
—فوٹو: اے ایف پی
او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا تیاری اجلاس آج ہوگا، سربراہی اجلاس پیر کے روز منعقد ہوگا۔ —فوٹو: اے ایف پی

قطر پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف عرب-اسلامی سربراہی اجلاس سے قبل وزارتی اجلاس آج دوحہ میں ہوگا۔

دوحہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اجلاس میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

نائب وزیرِاعظم / وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار دوحہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اسرائیل کے قطر پر حملے کے خلاف ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے قبل وزارتی اجلاس میں پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔

وزیرِ خارجہ کا استقبال پاکستان کے سفیر برائے قطر، پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے او آئی سی اور قطری حکومت کے سینئر حکام نے کیا۔

عرب اسلامی سربراہی اجلاس سے قبل وزارتی اجلاس میں ممکنہ طور پر اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی قرارداد کی منظوری بھی متوقع ہے۔

کل 15 ستمبر کو او آئی سی کا سربراہی اجلاس شیڈول ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔

شہباز شریف کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی قطر جائے گا، وزیراعظم قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف اظہار یکجہتی کے لیے پہلے ہی ایک روزہ دورہ کرچکے ہیں۔

دوسری جانب قطر کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی ہنگامی عرب-اسلامی سربراہی کانفرنس میں اسرائیل کے خلیجی ریاست پر حملے سے متعلق ایک قرارداد کے مسودے پر غور کیا جائے گا۔

قطر نیوز ایجنسی (قنا) کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے بتایا کہ سربراہی اجلاس میں اسرائیل کے ریاستِ قطر پر حملے کے بارے میں قرارداد کے مسودے پر غور کیا جائے گا، جو آج اتوار کو ہونے والے عرب اور اسلامی وزرائے خارجہ کے تیاری اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

وزارتِ خارجہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ دوحہ میں ایک غیر معمولی عرب-اسلامی سربراہی اجلاس منعقد ہوگا تاکہ ریاستِ قطر پر اسرائیلی حملے پر بات کی جا سکے، جس میں حماس کے اعلیٰ رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا۔

ماجد بن محمد الانصاری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت عرب-اسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد اپنی اہمیت رکھتا ہے، کیوں کہ یہ بزدلانہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریاستِ قطر کے ساتھ وسیع تر عرب اور اسلامی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے۔

وزرائے خارجہ کا تیاری اجلاس اتوار کو ہوگا، اس کے بعد سربراہی اجلاس پیر کے روز منعقد ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025