سامعہ حجاب نے ہراساں کرنے والے کو معاف کرنے کی اصل وجہ بتادی
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے خود کو ہراساں کرنے، دھمکانے اور بلیک میل کرنے والے سابق منگیتر حسن زاہد کو معاف کرنے کی اصل وجہ بتادی۔
سامعہ حجاب نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے حسن زاہد کو معاف کرنے کا اصل سبب بتایا اور کہا کہ لوگ ان سے سوال کر رہے ہیں کہ انہوں نے معاف کرنے کے کتنے پیسے لیے؟
ٹک ٹاکر کے مطابق ان کے حوالے سے چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ انہوں نے ڈیل کے تحت ہراساں کرنے والے کو معاف کیا لیکن ایسی باتوں میں کوئی سچائی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعے کے بعد انہیں سمجھ آیا کہ پاکستان میں لڑکیاں اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف کیوں اٹھ کھڑی نہیں ہوتیں اور کیوں وہ خاموش رہتی ہیں؟
ان کے مطابق جب وہ بھی خود کو ہراساں کرنے والے شخص کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئیں تو ان پر بھی الزامات لگائے گئے اور انہیں سمجھ میں آگیا کہ اسی وجہ سے ہی لڑکیاں سامنے نہیں آتیں۔
سامعہ حجاب کا کہنا تھا کہ جہاں 25 فیصد لوگوں نے ان پر الزام تراشی کی، وہیں 75 فیصد عوام ان کے ساتھ تھا اور انہی کے ساتھ کی وجہ سے وہ مضبوط بنیں اور خود کو ہراساں کرنے والے شخص کے خلاف سامنے آئیں۔
ٹک ٹاکر کے مطابق اگر کسی بھی لڑکی کا کسی لڑکے سے تعلق ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں وہ ہراساں کرے۔
انہوں نے حسن زاہد کو معاف کرنے کا اصل سبب بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سابق منگیتر کے والدین ان کے گھر آکر ان سے معافی مانگ کر گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ حسن زاہد نے بھی پولیس تحویل میں اپنے گناہوں کا اعتراف کیا اور دوبارہ ایسا نہ کرنے کی ضمانت دی۔
انہوں نے کہا کہ بزرگوں کے مطابق جب کوئی معافی مانگے تو انہیں معاف کردینا چاہیے اور انہوں نے حسن زاہد کی سزا ان کے پورے خاندان کو نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں معاف کیا۔
سامعہ حجاب کا کہنا تھا کہ حسن زاہد اور ان کے اہل خانہ نے انہیں مستقبل میں کسی طرح کا نقصان نہ پہنچانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
خیال رہے کہ یکم ستمبر کو سامعہ حجاب نے سابق منگیتر حسن زاہد پر ہراساں کرنے، دھمکانے اور بلیک میلنگ کے الزامات لگائے تھے، جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔
حسن زاہد پہلے جسمانی ریمانڈ اور بعد ازاں عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کیے گئے لیکن اسی دوران سامعہ حجاب نے انہیں معاف کرنے کا اعلان کیا اور اب انہوں نے حسن زاہد کو معاف کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سابق منگیتر کے والدین کی جانب سے معافی مانگے جانے پر انہوں نے ہراساں کرنے والے کو معاف کیا۔












لائیو ٹی وی