• KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C

پاک-ایران تجارتی حجم10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ

شائع September 16, 2025
— فوٹو: وزارت معاشی امور
— فوٹو: وزارت معاشی امور

پاک-ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22واں اجلاس میں دوطرفہ تجارت کو 10ارب ڈالر سالانہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اس کے ساتھ مستقبل کے تعاون کیلئے جامع فریم ورک پر بھی اتفاق ہوا۔

وزارت معاشی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا 22واں اجلاس 15 تا 16 ستمبر 2025 کو اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی وزیر برائے سڑکیں و شہری ترقی فرزانہ صادق نے کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالرسالانہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں ٹیرف اور غیر ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے، بارڈر مارکیٹس کو فعال کرنے اور باقاعدہ کاروباری اجلاسوں کے فروغ پر زوردیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے توانائی اور بنیادی ڈھانچہ کے شعبے میں بجلی کے تبادلے کو بڑھانے، گوادر کے لیے 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر دوبارہ شروع کرنے اور قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کی تلاش پربھی اتفاق کیاہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ثابت ہوا جس نے باہمی خوشحالی اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے عزم کو اجاگر کیا۔

اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے تعاون کے لئے جامع فریم ورک پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر دونوں وزراء نے اپنی اپنی حکومتوں کی جانب سے پروٹوکولز پر دستخط کیے۔

اجلاس کے تکنیکی سیشنز کی قیادت پاکستان کی جانب سے سیکریٹری وزارتِ اقتصادی امور محمد حُمیر کریم جبکہ ایران کی طرف سے ڈاکٹر امین طرفو، سینئر ایڈوائزر برائے وزیر شہری ترقی اور سربراہ بین الاقوامی امور نے کی۔

دونوں ممالک کے ماہرین نے تفصیلی مذاکرات کے بعد پروٹوکول کے مسودے کو حتمی شکل دی، اجلاس کے نمایاں نتائج میں قیادت کی جانب سے طے کردہ 10 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے عزم کا اعادہ شامل ہے۔

اسی طرح تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں ٹیرف اور غیر ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے، بارڈر مارکیٹس کو فعال کرنے اور باقاعدہ کاروباری اجلاسوں کے فروغ پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کے ساتھ ساتھ پانی کے وسائل کے انتظام اور پائیدار شہری ترقی پر بھی ترجیح دی گئی۔

زراعت اور ماحول کے میدان میں ویٹرنری صحت، کیڑوں پر قابو پانے، زرعی بیج و آلات میں تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد، ریت و گرد کے طوفانوں اور مینگرووز کے تحفظ جیسے ماحولیاتی چیلنجز کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق ٹرانسپورٹ اور رابطہ کاری کے شعبے میں سڑک، ریل، فضائی اور بحری روابط کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا گیا، اس میں ریلوے کارگو کی مقدار بڑھانے، فضائی نیوی گیشن خدمات کو بہتر بنانے اور زائرین کے لیے بحری جہازوں کے ذریعے سفر کی سہولت پر غور شامل ہے۔

ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی میلوں، میڈیا تعاون، تعلیمی شراکت داری، طلبہ کے تبادلے اور فنی تربیتی پروگرامز پر اتفاق کیا گیا۔صحت کے شعبے میں مشترکہ تربیت، ادویات کی رجسٹریشن اور سرحد پار بیماریوں کی نگرانی کے معاہدوں کو آگے بڑھایا گیا۔

اسی طرح لیبر کوآپریشن کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا جو تعمیرات، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں میں افرادی قوت کے تبادلے کو سہولت فراہم کرے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک نے انسدادِ منشیات کے لیے انٹیلیجنس پر مبنی آپریشنز اور سرحدی تعاون پر بھی اتفاق کیا، تاجروں اور ڈرائیورز کے لیے ویزہ سہولت میں بہتری کی تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے موقع پر 15 ستمبر کو ایک مشترکہ بزنس فورم کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے نمایاں کاروباری افراد نے شرکت کی اور تجارتی و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے مذاکرات کی کامیاب تکمیل اور جامع پروٹوکول پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، کسٹمز اور صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گی، جام کمال خان نے زراعت، قابلِ تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، سیاحت اور نوجوانوں کے امور میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر برائے سڑکیں و شہری ترقی فرزانہ صادق نے اپنے خطاب میں اجلاس کے نتائج کو خوش آئند قرار دیا اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، انفراسٹرکچر، ٹرانزٹ سہولت اور توانائی کے شعبے میں تعاون سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔

ترجمان وزارت اقتصادی امورنے کہا کہ وزارتِ اقتصادی امور حکومتِ ایران کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ انہوں نے 22ویں اجلاس کی میزبانی کی اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025