• KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.2°C

ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کے خلاف بائیکاٹ کی مہم، پیمرا نے وضاحت جاری کردی

شائع September 17, 2025
— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

اردو زبان کے منفرد ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کا پہلا ٹیزر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور بائیکاٹ کی مہم شروع ہوگئی، جس پر صارفین نے پیمرا سے پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔

عوامی ردعمل کے بعد پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پروگرام صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نشر ہو رہا ہے اور پیمرا کے دائرہ کار میں نہیں آتا‘۔

گزشتہ دنوں اردو زبان کے منفرد ریئلٹی شو ’لازوال عشق‘ کا پہلا ٹیزر جاری کیا گیا، جس میں اداکارہ عائشہ عمر کو میزبان کے طور پر متعارف کرایا گیا۔

ٹیزر میں عائشہ عمر نے بتایا کہ یہ ایک ریئلٹی شو ہوگا، جس میں چار مرد اور چار خواتین شریک ہوں گے، جو ایک پرتعیش بنگلے میں اکٹھے رہیں گے اور ان کی ہر سرگرمی کیمروں میں ریکارڈ کی جائے گی۔

یہ پروگرام ترکیہ کے مقبول ریئلٹی شو ’عشق آداسی‘ سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے اور پہلی بار اردو بولنے والے ناظرین کے لیے صرف یوٹیوب پر نشر ہوگا۔

انسٹاگرام پر جاری کیے گئے ٹیزر میں عائشہ عمر کو ترکیہ کے مشہور سیاحتی مقامات پر دکھایا گیا، جہاں وہ سمندر میں کشتی کی سیر کرتی اور ایک عالیشان بنگلے میں داخل ہوتی نظر آئیں۔

عائشہ عمر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ لازوال عشق شروع ہو رہا ہے، ایک ریئلٹی شو جہاں ابدی محبت کی تلاش اور اس راستے کے امتحانات و سبق دکھائے جائیں گے۔

تقریباً 100 اقساط پر مشتمل اس شو میں شرکا مختلف کھیلوں، چیلنجز، اتحاد اور دشمنیوں سے گزریں گے اور اختتام پر ایک ’فاتح جوڑے‘ کا انتخاب کیا جائے گا۔

شو کا فارمیٹ مغربی ریئلٹی شوز جیسے ’لو آئی لینڈ‘ اور ’ٹو ہاٹ ٹو ہینڈل‘ سے مشابہت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس نے سوشل میڈیا پر بحث اور تنقید کو جنم دیا ہے۔

کچھ صارفین نے شو کو بے غیرتی قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ مہم شروع کرنے کا مطالبہ کیا، جب کہ کئی نے پیمرا سے اس پر پابندی لگانے کی بھی اپیل کی۔

پیمرا نے حال ہی میں اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے باوجود یہ پروگرام پیمرا کے دائرہ کار میں نہیں آتا، کیونکہ ’لازوال عشق‘ کسی لائسنس یافتہ ٹی وی چینل پر نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نشر ہو رہا ہے، اس لیے پیمرا قوانین کا اطلاق اس پر نہیں ہوتا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025