• KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 19.5°C
  • LHR: Fog 11.8°C
  • ISB: Rain 12.4°C

20 سال بعد پی آئی اے کو 2025 کی پہلی ششماہی میں قبل از ٹیکس ساڑھے 11 ارب کا منافع

شائع September 17, 2025
کمپنی کے ذرائع کے مطابق ریاستی ایئرلائن کا یہ پہلا منافع 2004 کے بعد سامنے آیا ہے —فائل فوٹو: رائٹرز
کمپنی کے ذرائع کے مطابق ریاستی ایئرلائن کا یہ پہلا منافع 2004 کے بعد سامنے آیا ہے —فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے 2025 کی پہلی ششماہی میں قبل از ٹیکس منافع ریکارڈ کیا ہے، ایک ذرائع کے مطابق تقریباً 2 دہائیوں کے دوران یہ پہلا منافع ہے۔

ڈان اخبار میں شائع برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے (جو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کا حصہ ہے) نے جون تک 6 ماہ میں قبل از ٹیکس 11 ارب 50 کروڑ روپے کا منافع حاصل کیا، جب کہ 2024 کی اسی مدت میں کمپنی کو قبل از ٹیکس خسارے کا سامنا تھا اور وہ صرف مؤخر کردہ ٹیکس ایڈجسٹمنٹس کے ذریعے ایک غیر معمولی سالانہ منافع دکھا سکی تھی، موجودہ نصف سال کے لیے خالص منافع 6 ارب 80 کروڑ روپے رہا۔

یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا، جب حکومت ایئرلائن کی نجکاری کی نئی کوششوں میں مصروف ہے، جو 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف بیل آؤٹ کی ایک اہم شرط ہے۔

کمپنی کے ذرائع کے مطابق ریاستی ایئرلائن کا یہ پہلا منافع 2004 کے بعد سامنے آیا ہے، تاہم 2014 سے پہلے کے مالیاتی ریکارڈ اب ایئرلائن اور اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹس پر عوامی طور پر دستیاب نہیں ہیں۔

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری ملک میں تقریباً دو دہائیوں بعد پہلی بڑی نجکاری ہوگی، جب کہ خسارے میں جانے والے سرکاری اداروں کی نجکاری گزشتہ سال کے بیل آؤٹ کا ایک مرکزی حصہ تھی۔

منافع بخش برطانیہ کے روٹس

ایندھن اور سروسز کی بلند لاگت اب بھی دباؤ ڈال رہی ہے، لیکن گزشتہ سال حکومت کی جانب سے پی آئی اے کے تقریباً 80 فیصد پرانے قرضے اپنے ذمے لینے کے بعد مالیاتی اخراجات میں نمایاں کمی نے منافع میں واپسی کا فیصلہ کن کردار ادا کیا، اس کے باوجود پی آئی اے کی ایکویٹی اب بھی منفی ہے، جو اس کی بحالی کی ناپائیداری کو ظاہر کرتی ہے۔

گزشتہ سال نجکاری کی ایک کوشش اس وقت ناکام ہوگئی تھی، جب صرف ایک کم قیمت پیشکش موصول ہوئی تھی، تاہم اب حکومت کو 5 مقامی کاروباری گروپوں کی دلچسپی حاصل ہوچکی ہے جن میں ایئربلو، لکی سیمنٹ، انویسٹمنٹ فرم عارف حبیب اور فوج کی حمایت یافتہ فوجی فرٹیلائزر شامل ہیں، حتمی بولیاں اس سال کے آخر میں متوقع ہیں۔

برطانیہ نے جولائی میں پاکستانی ایئرلائنز پر عائد 5 سالہ پابندی ختم کر دی تھی، جو 2020 کے ایک مہلک حادثے اور پائلٹ لائسنسنگ اسکینڈل کے بعد لگائی گئی تھی، اس اقدام کے بعد پی آئی اے دوبارہ منافع بخش برطانوی روٹس کے لیے درخواست دے سکتی ہے۔

یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے گزشتہ سال کے آخر میں اٹھائے گئے اسی نوعیت کے فیصلے کے بعد سامنے آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025