کراچی: موٹرسائیکل کی ٹنکی پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لے جانے والا سنار کا ملازم لٹ گیا

شائع September 18, 2025
ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات کے بعد تاجروں نے گلبرگ تھانے کے باہر احتجاج کیا — فائل فوٹو: لوپ ویب سائٹ
ایک کروڑ 20 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات کے بعد تاجروں نے گلبرگ تھانے کے باہر احتجاج کیا — فائل فوٹو: لوپ ویب سائٹ

کراچی میں کریم آباد پُل پر نامعلوم ملزمان سنار کے ملازم سے مبینہ طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مینا بازار میں سنار کی دکان کے مالک نے اپنے ملازم کو رقم لینے صدر بھیجا تھا، ملازم موٹر سائیکل پر صدر سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے نقد موٹر سائیکل کی ٹنکی پر رکھ کر آرہا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملازم کریم آباد پُل پر پہنچا تو موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے اس سے اسلحے کے زور پر رقم چھین لی اور فرار ہوگئے۔

واردات کا مقدمہ گلبرگ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، صرافہ مارکیٹ کے تاجروں نے تھانے کے باہر احتجاج بھی کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی کے مہینے میں بھی کراچی کے تھانہ فیروز آباد کی حدود میں طارق روڈ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سنار سے 4 کروڑ روپے لوٹ لیے تھے۔

طارق روڈ کے قریب رات گئے سنار سے بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، پولیس نے بتایا تھا کہ مبینہ طور پر ڈاکو 3 کروڑ 95 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

متاثرہ سنار بلال اپنے ملازم کے ساتھ سونا فروخت کرکے صدر صرافہ بازار سے واپس جارہا تھا۔

واردات 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے انجام دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025