کراچی کی آرٹسٹک ملینرز اور امریکی کون ڈینم نے عالمی پلیٹ فارم تشکیل دے دیا

شائع September 20, 2025
— فائل فوٹو: پرافٹ ویب سائٹ
— فائل فوٹو: پرافٹ ویب سائٹ

آرٹسٹک ملینرز نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایلیویٹ ٹیکسٹائلز سے کون ڈینم میں اکثریتی حصص حاصل کر لیے ہیں، جو پاکستان کی اس ٹیکسٹائل گروپ کی ایک بڑی بین الاقوامی توسیع ہے، دونوں کمپنیوں کے مشترکہ آپریشنز تاریخی نام کون ڈینم کے تحت جاری رہیں گے، جبکہ آرٹسٹک ملینرز کا موجودہ پاکستان میں کاروبار آزاد اور علیحدہ ہی رہے گا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ معاہدہ 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے، 130 سال سے زیادہ کی صنعتی تاریخ رکھنے والی کون ڈینم، آرٹسٹک ملینرز کے تحت ایک علیحدہ پورٹ فولیو کمپنی کے طور پر قائم رہے گی، یہ عالمی سطح پر اینڈ ٹو اینڈ سلوشنز فراہم کرے گی، یعنی پریمیم ڈینم فیبرک سے لے کر تیار شدہ ملبوسات تک تیار کرے گی۔

نئی کمپنی دونوں اداروں کے منتخب اثاثوں کو یکجا کرے گی، اس میں کون ڈینم کی ملیں (پاراس اور یکا پکسٹلا، میکسیکو میں) اور جیاشنگ، چین میں آرٹسٹک ملینرز کی نئی گارمنٹ فیکٹری پاراس میں اور اس کا اسٹار فیڈز انٹرنیشنل (ایس ایف آئی) لانڈری اور ڈیولپمنٹ سینٹر لاس اینجلس میں شامل ہوں گے۔

آرٹسٹک ملینرز کے مرتضیٰ احمد اور عمر احمد نے مشترکہ بیان میں کہا کہ کون ڈینم اپنی شناخت برقرار رکھے گا اور اپنی حکمتِ عملی پر عمل کرے گا، ہمارا مقصد کون کی وراثت کو آگے بڑھانا ہے، مشترکہ انفرااسٹرکچر اور مہارت کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کے لیے خدمات اور لچک میں اضافہ کرنا ہے۔

اسٹیو میگگارڈ کون ڈینم کے صدر کے طور پر کام جاری رکھیں گے اور نئی کمپنی کی قیادت کریں گے، وہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو رپورٹ کریں گے جس میں مرتضیٰ احمد، عمر احمد، جیفری پی۔ پرٹچیٹ (ایلیویٹ ٹیکسٹائلز کے سی ای او اور بورڈ ممبر)، اور دیگر اراکین شامل ہوں گے جن کے نام بعد میں دیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025