یورپی ہوائی اڈوں پر سائبر حملہ، ہیتھرو اور برسلز ایئرپورٹ متاثر ہونے سے متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

شائع September 20, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

یورپی ہوائی اڈوں پر سائبر حملے کے بعد ہیتھرو اور برسلز کے ایئرپورٹ بھی متاثر ہو گئے ہیں جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق چیک اِن اور بورڈنگ سسٹمز فراہم کرنے والے ایک ادارے پر سائبر حملے کے باعث یورپ کے کئی بڑے ہوائی اڈوں، بشمول لندن کا ہیتھرو ایئرپورٹ بھی متاثر ہوا ہے، اس دوران کئی پروازوں میں تاخیر اور جبکہ کچھ منسوخ بھی ہوئیں۔

ہیتھرو ایئرپورٹ نے اس حوالے سے بتایا کہ کولنز ایرو اسپیس، جو دنیا بھر کے کئی ہوائی اڈوں پر مختلف ایئرلائنز کو یہ سسٹمز فراہم کرتا ہے، ایک تکنیکی مسئلے سے دوچار ہے جس سے سفر کرنے کے خواہشمند افراد کو ممکنہ تاخیر برادشت کرنی پڑ سکتی ہے۔

برسلز ایئرپورٹ اور برلن ایئرپورٹ نے بھی الگ الگ بیانات میں تصدیق کی کہ وہ سائبر حملے سے متاثر ہوئے ہیں۔

کولنز ایرو اسپیس کی پیرنٹ کمپنی آر ٹی ایکس (آر ٹی ایکس) نےکہا کہ اسے مخصوص ہوائی اڈوں پر اپنے سافٹ ویئر میں سائبر حملے کے بعد مسائل کا سامنا ہے تاہم ادارے نے اُن ہوائی اڈوں کے نام ظاہر نہیں کیے۔

الیکٹرانک چیک اِن متاثر

آر ٹی ایکس نے ای میل کے ذریعے جاری بیان میں الیکٹرانک کسٹمر چیک اِن اور بیگیج ڈراپ سائبر حملے سے متاثر ہیں، جب کہ مینول چیک اِن کے ذریعے رکاؤٹ کو کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

برسلز ایئرپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ واقعہ جمعہ (19ستمبر) کی رات پیش آیا، جس سے خودکار نظام غیر فعال ہوا، متبادل کے طور پر مسافروں کا مینول چیک اِن اور بورڈنگ کی جا رہی ہے۔

ایئرپورٹ نے مزید بتایا کہ حملے سے پروازوں کے شیڈول پر گہرا اثر پڑے گا اور بدقسمتی سے پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سروس فراہم کرنے والا ادارہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

متاثرہ ہوائی اڈوں نے 20 ستمبر کے دن سفر کرنے والے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایئرپورٹ جانے سے قبل اپنی ایئرلائن سے پرواز کی تصدیق کر لیں۔

فرینکفرٹ ایئرپورٹ متاثر نہیں ہوا

برلن ایئرپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر ایک جاری ایک بیان میں بتایا کہ سسٹم فراہم کرنے والے ادارے میں تکنیکی مسئلے کے باعث چیک اِن پر زیادہ انتظار کرنا پڑ رہا ہے، ہم اس کا جلد حل تلاش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ جرمنی کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ فرینکفرٹ اس مسئلے سے متاثر نہیں ہوا، تزیورخ ایئرپورٹ کے آپریشنز کنٹرول سینٹر کے ایک عہدیدار نے بھی کہا کہ وہاں اس سائبر اٹیک کا کوئی اثر نہیں ہوا۔

یورپ کی بڑی ایئرلائنز میں شامل ایزی جیٹ نے کہا کہ وہ فی الحال معمول کے مطابق کام کر رہی ہے اور توقع ہے کہ اس مسئلے کا باقی دن کی پروازوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

دیگر بڑی ایئرلائنز، رائن ایئر اور برٹش ایئر ویز کی اونر آئی اے جی (اے آئی جی) نے رائٹرز کی جانب سے کیے گئے تبصروں پر فوری ردعمل نہیں دیا۔

پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر برائے ڈیجیٹل امور کرسچوف گاوکووسکی نے کہا کہ پولش ہوائی اڈوں کو کسی خطرے کی اطلاع نہیں ملی۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025