اماراتی محقق کے چار بیویوں اور 100 بچوں کے انکشاف سے سب حیران
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ایک ثقافتی محقق نے ادبی فیسٹیول میں خطاب کے دوران اپنی چار بیویوں اور 100 بچوں کا انکشاف کرکے سب کو حیران کردیا۔
خلیجی اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق امارات کی ریاست شارجہ میں ہونے والے سالانہ فیسٹیول میں محقق سعید مصباح الکتبی نے اپنی شادیوں اور بچوں کی تعداد بتا کر سب کو حیران کردیا۔
سعید مصباح الکتبی کی جانب سے فیسٹیول میں خطاب کرنے کی مختصر ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے جب کہ اسے سوشل میڈیا پر خوب شیئر بھی کیا جا رہا ہے۔
ان کی ویڈیو پر خصوصی طور پر اماراتی سوشل میڈیا صارفین نے ان کی صحت، طاقت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے عزم کی تعریفیں کیں۔
بہت سے صارفین نے ان کی خاندانی زندگی اور روایات کے لیے لگن کو سراہا اور چار بیویاں رکھنے کی ان کی بات پر ہر کوئی ماشاء اللہ لکھتا رہا۔
شارجہ انسٹی ٹیوٹ فار ہیریٹیج میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد اپنے بچوں میں ’السنع‘ یعنی اماراتی اقدار اور آداب سکھانا ہے۔
جب انہوں نے بتایا کہ ان کی چار بیویاں اور 100 سے زیادہ بچے ہیں تو ان کی بات سن کر حاضرین حیران رہ گئے۔
سعید مصباح الکتبی نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ان کے بچے احترام، خاندانی ذمہ داریاں نبھانا اور آباؤ اجداد کی روایات سیکھیں۔
انہوں نے اپنی چاروں بیویوں یا 100 سے زائد بچوں کی عمر اور کام کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی۔
اماراتی محقق نے بتایا کہ وہ اپنی اولاد کو اماراتی ثقافت اور ورثے کے تسلسل کے اقدار ’السنع‘ کی ترویج پر زور دیتے ہیں جو کہ امارات میں نسلوں سے منتقل ہونے والے اقدار کا نام ہے۔
’النسع‘ میں خود سے بڑی عمر کے افراد اور خواتین کا احترام، مہمان نوازی، عاجزی، ایمانداری، رواداری، اور خاندان، برادری اور قوم سے وفاداری شامل ہے۔ اس کے علاوہ، روایتی سلام، اماراتی لباس اور عربی زبان کے تحفظ پر بھی زور دیا جاتا ہے۔













لائیو ٹی وی