• KHI: Sunny 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C
  • KHI: Sunny 19.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 15.6°C

خواتین مختلف اداروں اور مسلح افواج میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں، وزیرخارجہ

شائع September 22, 2025
فوٹو: وزارت خارجہ، ایکس
فوٹو: وزارت خارجہ، ایکس

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے خواتین پر چوتھی عالمی کانفرنس کی 30ویں سالگرہ کے موقع پرنیویارک میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اپنی تقریر میں نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ نے 30 سال قبل بیجنگ میں کیے گئے تاریخی عہد کا حوالہ دیا اور اس بات پر زور دیا کہ آج کی یہ تقریب ان وعدوں کو جرات مندانہ اور قابلِ پیمائش اقدامات کے ساتھ تجدید کرنے کی پکار ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے لیے خواتین کا بااختیار ہونا قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے تحت ایک رہنما اصول رہا ہے، جنہوں نے فرمایا تھا کہ کوئی قوم اس وقت تک عظمت حاصل نہیں کر سکتی جب تک اس کی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ نہ کھڑی ہوں۔

پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ نے کہا کہ خواتین سیاست، عدلیہ، سول سروس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح افواج میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب کرنے کا اعزاز رکھنے والا پاکستان حال ہی میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے انتخاب کا بھی گواہ بنا۔

نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے پاکستان کے ادارہ جاتی اور قانون سازی کے اقدامات کی طرف بھی توجہ دلائی، جن میں خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی و صوبائی کمشنز، صنفی بنیاد پر تشدد کی عدالتیں، خواتین پولیس اسٹیشنز اور خواتین کو تشدد، ہراسانی اور امتیاز سے بچانے کے لیے ترقی پسند قوانین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے پروگرام، جیسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور وزیراعظم یوتھ پروگرام، خواتین کو غربت پر قابو پانے، مالی وسائل تک رسائی حاصل کرنے اور کاروباری مواقع حاصل کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔

ترقی کو تسلیم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی اور قومی کوششیں اب بھی غیر مساوی ہیں۔ انہوں نے بیجنگ+30 ایکشن ایجنڈا کے تحت تیز تر تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی بجٹ، بین الاقوامی تعاون اور جدید شراکت داریوں کے ذریعے مالی وسائل بڑھائے جائیں تاکہ وعدے حقیقی تبدیلی میں ڈھل سکیں۔

پاکستان کی پختہ وابستگی کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیجنگ ڈیکلیریشن خواتین کے حقوق کے لیے دنیا کا سب سے جرات مندانہ عالمی معاہدہ ہے۔

نائب وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فوری، جرات مندانہ اور یکجہتی کے ساتھ اقدامات کیے جائیں تاکہ ہر عورت اور ہر لڑکی غربت اور تشدد سے آزاد زندگی گزار سکے اور جامع اور پائیدار ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل ہو۔

قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ دولتِ مشترکہ وزرائے خارجہ کے اجلاس (سی فام) میں شرکت کی۔ یہ اجلاس اقوامِ متحدہ کی 80ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔

وزارت خارجہ کے مطابق اپنی تقریر میں نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ نے دولتِ مشترکہ کے لیے پاکستان کی پختہ حمایت اور اس منفرد ممالک کے خاندان کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے تنظیم کو بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں مؤثر طور پر جواب دینے اور اپنے تمام رکن ممالک کو عملی فوائد پہنچانے کی صلاحیت کو یقینی بنانے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔

بین الاقوامی برادری کو درپیش متعدد اور یکے بعد دیگرے آنے والے بحرانوں کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم/وزیرِ خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دولتِ مشترکہ کو امن قائم کرنے اور مکالمے کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام جاری رکھنا چاہیے، جہاں اتفاقِ رائے اور تعاون تنازعات کے حل اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینے میں مددگار ہو سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025